عازم جان
بانڈی پورہ//ضلع بانڈی پورہ میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 14 سالہ لڑکے اور اس کی والدہ کی لاشیں بدھ کے روز برآمد کر لی گئیں۔ واقعہ نالہ مدومتی میں پیش آیا، جہاں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی پانی میں ماں بیٹا بہہ گئے تھے۔حکام کے مطابق 14 سالہ لڑکے کی لاش گزربل کے علاقے میں نالے سے برآمد ہوئی، جسے قانونی کارروائیوں کے لیے ضلع اسپتال بانڈی پورہ منتقل کیا گیا۔ متوفی کی شناخت عامر کھٹانہ (14) ولد مرحوم محبوب کھٹانہ، ساکن بونہ کوٹ تنگاٹ کے طور پر کی گئی ہے۔بعد ازاں لاپتہ خاتون گوڈی بیگم کی لاش بھی نالہ مدومتی سے برآمد کر لی گئی اور ضروری قانونی لوازمات کے لیے ضلع اسپتال بانڈی پورہ منتقل کیا گیا۔عہدیداروں کے مطابق عامر اور اس کی والدہ اس وقت سیلابی ریلے کی زد میں آئے جب وہ بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد نالے کے قریب لکڑی نکالنے کی کوشش کر رہے تھے۔واقعے کے فورا بعد پولیس، سول انتظامیہ اور مقامی افراد کی مدد سے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا، جس کے بعد دونوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔واضح رہے کہ ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے خراب موسمی حالات کے پیش نظر ندی نالوں، دریاں اور پانی کے تیز بہا والے علاقوں کے قریب جانے سے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر رکھی تھی۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کی ہدایت پر تحصیلدار اور دیگر افسران بھی عوام کو مسلسل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کر رہے تھے۔ تاہم اس کے باوجود یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔