عازم جان+غلام نبی رینہ
بانڈی پورہ/کنگن // ضلع بانڈی پورہ کے شوخ بابا سملر میںرہائشی مکان پر ایک درخت گر گیا۔جسکے نتیجے میں ایک عمررسیدہ شخص زد میں آکر شدید زخمی ہوا ہے اگرچہ فوری طور ضلع ہسپتال بانڈی پورہ کے بعد ایس ایم ایچ ہسپتال سرینگر پہنچایا گیا لیکن وہاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا فوت ہوئے بزرگ کی شناخت عبدالرشید خان ولد مرحوم زماں خان عمر 70سال بطور ہوئی ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ درختوں کے کاٹنے کے دوران متاثرہ شخص کی رہائش گاہ پر پیش آیا ، جب ایک درخت حادثاتی طور پر اس پر گر گیا ، جس سے شدید چوٹیں آئیں۔ادھرسونمرگ سے سرینگر کی طرف جارہے ایک ٹرک زیر نمبر 3499/JK05Lکو گنہ ون گنڈ کے مقام پر حادثہ پیش آیااور ٹرک ایک سو فٹ گہری کھائی میں جاگرا جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور کنڈکٹر زخمی ہوگئے۔ حادثے کی خبر ملتے ہی ایس او جی گنڈ پولیس گنڈ اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد جائے موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو پرائمری ہیلتھ سنٹر گنہ ون منتقل کیا گیا تاہم ہسپتال تالہ بند تھا جس کے بعد زخمیوں کو سب ضلع اسپتال کنگن منتقل کیا گیا تاہم سمیر احمد لون ہسپتال پہچانے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا جبکہ بلال احمد کو سکمز صورہ منتقل کیا گیا ۔ یہ حادثہ تقریبا آٹھ بجے کے قریب پیش آیا ۔ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی وجہ سے ایک رہائشی مکان کو بھی نقصان پہنچا ۔ پولیس نے حادثے سے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔ادھریو این ایس کے مطابق بٹوارہ سرینگر میں پیر کی صبح ایک شہری جاوید احمد سڑک کے ایک حادثے میں زخمی ہوا جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں پر اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔