بانڈی پورہ میں بجلی پروجیکٹوں کی تعمیر اورمحکمہ ماہی پالن کی غفلت ٹرائوٹ مچھلیاں ناپیدہونے کے قریب

Exif_JPEG_420
عازم جان 
بانڈی پورہ//نالہ مدھومتی بانڈی پورہ میں سنہرے رنگ کی ٹرائوٹ مچھلی ناپیدہورہی ہے اورمحکمہ ماہی پالن کی غفلت شعاری کی وجہ سے اس وقت نالہ میں قلیل تعداد میں ہی سنہرے رنگ کی ٹرائوٹ مچھلیاں نظر آہی ہیں۔اگرمچھلیوں کے اس قسم کوبچانے کیلئے کوئی قدم نہیں اُٹھایاگیا ،تونالہ میں موجود یہ مچھلیاں بھی ختم ہوجائیں گی۔ نالہ مدھومتی میں سنہرے رنگ کی ٹرائوٹ مچھلی لاشن پنجن منبع سے لیکر آٹھوتو،  پانار، گذربل ، درمہامہ ،سنر ونی، کلوسہ، ناتھ پورہ، زالوان تک بکثرت پائی جاتی تھیںاور نوے سے قبل آٹھوتو ، گذربل، سنر ونی کے مقامات پربیرونی ممالک کے سیاح ودیگرسیلانی محکمہ فشریز سے اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد ٹرائوٹ مچھلیوں کایہاں شکار کرنے آتے تھے اوران کے شکار سے لطف اندوز ہوتے تھے۔نوے کے بعدکے نامساعد حالات میں بھی تھوڑے تھوڑے سیاح ٹرائوٹ مچھلی کا شکار کرنے کیلئے ان  مقامات پرآتے تھے ۔ٹرائوٹ مچھلی ٹھنڈے پانی میں زیادہ تر بسیرا کرتی ہے، اسلئے آٹھوتو سے آگے سنگم تری سنگم کے پہاڑی مقامات پر کثرت سے پائی جاتی ہے۔آٹھوتو ، پانار، گزربل،  سنروانی اورکلوسہ زالوان میں بھی کثرت سے ہوتی تھیں۔ اب چونکہ پہلے منی ہائیڈل پروجیکٹ آٹھوتو کی وجہ سے ٹرائوٹ مچھلیوں کی پیداوار بری طرح متاثر ہوئی، رہی سہی کسر کشن گنگا پروجیکٹ کی وجہ پوری ہوگئی۔ منی ہائیڈل پروجیکٹ آٹھوتو کو ضرورت کے مطابق ستمبر کے مہینے سے پانی نہیں مل رہا ہے جس کی وجہ سے آٹھوتو کے مقام پرتمام پانی کے بہائوکو موڈ کر نہر کے ذریعے پانی کو پاور ہاوس کے نزدیک ذخیرہ کیاجاتاہے۔ اس طرح  سے نالہ مدھومتی کا لگ بھگ دوکلومیٹرگزربل تک کا فاصلہ خشک رہتا ہے ۔یہ سلسلہ اپریل کے مہینے تک جاری رہتا ہے۔ چونکہ اب کشن گنگا ہائیڈل پروجیکٹ کا پانی کرالہ پورہ کے مقام پر خارج ہوکر نالہ بونار میں جاکر سنروانی آرمی کیمپ کے پاس نالہ مدھومتی کے ساتھ مل جاتاہے ،جس وجہ سے سنروانی سے آگے کلوسہ پل تک  اونچے واٹر فال تعمیر ہوئے ہیں اور مچھلیوں کے آنے جانے کیلئے راستہ نہیں رکھا گیا۔ سنروانی کے دکاندار  محمدشفیع وانی جس کی دکان نالہ مدھومتی کے کنارے واقع ہے، نے کشمیر اعظمی کو بتایا کہ واٹرفال  بنائے جانے سے مچھلیوں کے آنے جانے کیلئے راستہ میسر نہیں رکھا گیا ،  اس سے بھی  ٹرائوٹ مچھلیوں کی  پیداوار پر مضر اثر پڑا۔ سنر ونی کے  ہی عمررسیدہ بزرگ غلام حسن ملک نے بتایا کہ فوجی کیمپ سے آگے اگست کے بعد پانی کی سطح کم ہوتی ہے تو ٹریکٹر والے اور ٹپر والے  دوران رات غیر قانونی طور پر سنروانی سے لیکردرمہامہ گزربل کنوسہ وآٹھوتو تک ریت اور باجری نکالتے ہیں جبکہ کوئی ان کی کوئی روک ٹوک نہیں  ہوتی ، اس عمل  سے نالہ مدمتی میں آلودگی بڑھ جاتی ہے جس سے ٹرائوٹ مچھلیوں کے نشوونما پر مضر اثر پڑتا ہے۔ علاوہ ازیں نالہ مدھومتی کے دونوں اطراف بڑے بڑے کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں سے نالہ مدھومتی کے پانی کو آلودہ بناتے ہیں۔ بانڈی پورہ کے لوگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سہنا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نالہ مدھومتی میں سنہرے رنگ کے ٹراؤٹ مچھلیوں کا وجود بچانے کے لئے فوری طور پر ممکن قدم اٹھائے جائیں۔