عازم جان
بانڈی پورہ //ضلع صدرمقام بانڈی پورہ کامرکزی بازار میونسپل کونسل اور انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے بنیادی سہولیات سے محروم ہے اورگلی کوچوں اورنالیوں کی خستہ حالی سے دکانداروں اور مقامی آبادی کوپریشانی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اگرچہ دوماہ قبل قصبے میں بنیادی بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کایقین دلایا تھا لیکن ابھی تک وہ حکم نواب تادرنواب ہی ثابت ہوا۔ مرکزی بازار میں بیت الخلاء کی عدم دستیابی سے دکانداروں ،راہگیروں اور گاہکوں کو عذاب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مرمت طلب بیت الخلاء کی طرف توجہ نہیں دی جاتی ہے ۔نوپورہ چوک، مین چوک نبرپورہ ودیگر جگہوں پر ٹوٹی پھوٹی پٹریاں اور نالیاں مرمت طلب ہونے کی وجہ راہگیروں کوچلنے میں مشکلات ہورہی ہیں۔ گلشن چوک اور گلشن پارک میں دوسال قبل تعمیر ہوئے فوارے چند مہینوں میں ہی ناکارہ ہوگئے اور ٹوٹے پھوٹے حالت میں پڑے ہوئے ہیں ۔چار ماہ قبل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ اندو کنول چب نے یقین دہانی کرائی کہ ایک ماہ کے اندر اندر گردوارہ کے متصل قائم چھاپڑی مارکیٹ میں خستہ حال بیت الخلاء کی مرمت کی جائے گی ، لیکن چار ماہ گزر چکے ہیں، مرمت طلب بیت الخلاء کی ابھی تک مرمت نہیں کی گئی۔ بانڈی پورہ قصبہ اور ملحقہ آبادی کا مطالبہ ہے کہ ضلع صدر مقام کے بازار میں بیت الخلاء کی مرمت کاکام ترجیحی بنیادوں پرشروع کریں تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے ۔