سمت بھارگو
ریاسی//بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمارنے جمعرات کے روز ضلع ریاسی کے کٹرہ میں واقع مقدس مقام ماتا ویشنو دیوی شرائین کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ماتا ویشنو دیوی کے دربار میں حاضری دے کر خصوصی پوجا اور دعائیں کیں۔ذرائع کے مطابق اداکار صبح کے وقت سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ کٹرہ پہنچے، جہاں سے انہیں خصوصی انتظامات کے تحت تریکوٹہ پہاڑیوں میں واقع مقدس غار تک لے جایا گیا۔
ان کے دورے کے دوران سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ یاتریوں اور اداکار کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔اکشے کمار نے دربار میں حاضری کے دوران ملک کی خوشحالی، امن و امان اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دعائیں مانگیں۔ ذرائع کے مطابق اداکار نے دربار میں کچھ وقت عبادت اور روحانی سکون کے لیے بھی گزارا۔اداکار کی آمد کی خبر پھیلتے ہی دربار اور کٹرہ میں موجود عقیدت مندوں اور سیاحوں میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی۔ متعدد یاتریوں نے اکشے کمار کی ایک جھلک دیکھنے کی کوشش کی جبکہ کئی مداحوں نے ان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائیں۔ عقیدت مندوں نے کہا کہ اپنے پسندیدہ اداکار کو مقدس مقام پر دیکھ کر انہیں بے حد خوشی محسوس ہوئی۔واضح رہے کہماتا ویشنو دیوی ملک کے معروف ترین مذہبی مقامات میں شمار ہوتا ہے جہاں ہر سال لاکھوں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، فلمی ستارے، سیاستدان اور کھلاڑی بھی وقتاً فوقتاً دربار میں حاضری دے کر دعائیں کرتے رہتے ہیں۔