سرینگر// بالہامہ سرینگر میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب علاقہ میں ایک تیندوا اچانک نمودار ہوا تاہم محکمہ وائلڈ لائف کے عملہ کی بروقت کارروائی کے دوران اُسے پکڑ کر داچھی گام پارک میں چھوڑ دیا گیا۔ادھر پائر پلوامہ میںتیندوے کے بچے کوپکڑ کرمحکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کیا۔ بالہامہ کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہفتہ کی صبح علاقہ میں اچانک ایک تیندوا نمودار ہوگیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اس موقع پر لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں ہی محدود رہنے میں عافیت سمجھی۔مقامی لوگوں نے بروقت محکمہ وائلڈ لایف کو مطلع کیا۔وائلڈ لائف کے انچارج رینج آفیسر ساجد احمد کی سربراہی میں ایک ٹیم نے علاقے میں پہنچ کر تیندوے کو پکڑنے کے لئے کارروائی کی اور ایک زیر تعمیر عمارت سے تیندوے کوپکڑلیا۔محکمہ وائلڈ لایف کے انچارج ساجد احمد نے اس بارے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں صبح ہی علاقہ سے اطلاع موصول ہوئی کہ تیندوا گھوم رہا ہے اورہم نے موقع پر پہنچ کر پہلے تیندوے کو انجیکشن لگاکر بے ہوش کیا اورپھرجال میںڈال کرکھنموہ جنگلات منتقل کر دیا۔ادھر ضلع پلوامہ کے پائیر علاقے میں لوگوں نے سنیچر کی صبح تیندوے کے ایک بچے کو بستی میں پکڑا گیا۔ تیندوے کے بچے کو بستی میںداخل ہوتے ہوئے دیکھا گیاتھا جس کے بعد لوگ گھروں سے باہر آئے اور تیندوے کے بچے کی تلاش شروع کی اور ایک جگہ پا لیا جہاں بعد میںایک مقامی نوجوان وسیم احمدبٹ ولدعبد المجید بٹ نے ہمت کا مظاہرہ کر کے تیندے کے بچے کو پکڑ لیا اور بعد میں محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کے حوالے کیا گیا جہاں بعد میں اس بچے کو جنگل میںچھوڑدیا گیا۔