عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں اتوار کی بعد دوپہر ہلکی برفباری درج کی گئی جبکہ میدانی علاقوں میں موسم دن بھر ابرآلود رہا۔ کشمیر عظمی کو ملی تفصیلات کے مطابق ضلع کے بالائی علاقوں میں ایک سے تین ا نچ کے قریب برفباری درج کی گئی ۔واڑون ، مڑواہ دچھن ، مرگن، سنتھن و مچیل کے علاقہ جات میں بعد دوپہر برفباری شروع ہوئی جو کچھ دیر تک جاری ہے جسکے سبب ہرسو برف کی سفیدچارد بچھ گئی۔انتظامیہ نے سنتھن ٹاپ پر ہوئی تاز ہ برفباری کے بعد آمدورفت کو عارضی طور اگلے احکامات تک بندرکھنے کی ہدایت جاری کی۔علاقہ میں برفباری و سڑک پر پھسلن کے سبب شاہراہ پر آمدرفت کو بند کردیاگیا۔ میدانی علاقوں میں موسم دن بھر ابرآلود رہا جسکے سبب سردی میں مزیداضافہ ہوااورلوگوں نےسردی سے بچنے کیلئے گرم ملبوسات و آلات کا استعمال کیا ۔
ڈوڈہ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری
میدانی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی تاہم میدانی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ مسلسل خوشکسالی کے باعث پانی کی بھی کمی واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز ڈوڈہ ضلع کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔درجہ حرارت میں گراؤٹ آنے کی وجہ سے عوامی مشکلات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ادھر طویل خوشکسالی کے باعث متعدد آبی ذخائر خشک ہوئے ہیں اور پینے کے صاف پانی کی کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے پینے کے پانی کی قلت پائی جاتی ہے اور بجلی کا بھی شدید بحران ہے۔
ابر آلود موسم کے بیچ درجہ حرارت میں بہتری
لوگ بارشوں اور برفباری کے منتظر ،شاہراہ پر ٹریفک جاری
محمد تسکین
بانہال// اتوار کی صبح سے ہی پورے ضلع رام بن میں ابر آلود موسم بنا رہا تاہم شام دیر تک ضلع رام بن کے کسی بھی علاقے سے بارشوں یا برفباری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ضلع رام بن خصوصاً سب ڈویژن بانہال ، رامسو ، گول اور بٹوت کے علاقوں میں پچھلے کئی روز سے شدید سردی پڑ رہی ہے اور اتوار کے روز ابر الود موسم کی وجہ سے ان علاقوں میں دن کا درجہ حرارت قدرے بہتر رہا تاہم رام بن میں ضلع کے باقی علاقوں کے مقابلے میں رام بن اور چندر کوٹ کے علاقوں میں موسم قدرے بہتر ہوتا ہے اور سردی کی شدت کم رہتی ہے ۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور دونوں طرف سے مسافر اور مال گاڑیاں شاہراہ پر چل رہی تھیں۔ عام لوگ خاصکر زمیندار لوگ مسلسل خشک موسم سے تنگ ائے ہیں او اللہ رب العالمین کے حضور بارشوں اور برفباری کیلئے دعائیں بھی کی جارہی ہیں۔ کئی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ انہوں نے گھاس اور گندم کے بیج بوئے ہیں لیکن خشک موسم اور ہواووں کے ساتھ ساتھ بارشوں کے نہ ہونے کی وجہ سے بیجوں کی افزائش نہیں ہوئی ہے اور زمیندار بارشوں اور برفباری کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر لوگوں نے سرمائی سبزیوں کے بیج اور پیاز اور تھوم کی پنیری لگائی ہے اور یہ تمام فصلیں بارشوں کی محتاج ہیں۔