بارشوں کے باعث دوپہرتک قومی شاہراہ پرٹریفک معطل صفائی کے بعددوپہر دوطرفہ ٹریفک بحال،گاڑیوں کی رفتار سست رہی

 عظمیٰ نیوزسروس

بانہال//موسلا دار بارش کے نتیجے میں پتھر اورمٹی کے تودے گرآنے کی وجہ سے جمعرات کی صبح کئی گھنٹے تک ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندرہنے کے بعد سری نگرجموں قومی شاہراہ کو بعددوپہر کھول دیاگیا ،اور رُکی پڑی گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کیساتھ جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر بارشوں کے باعث کئی مقامات پر چٹانیں اورمٹی کے تودے کھسک آنے کے پیش نظر جمعرات کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ۔جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے جمعرات کی صبح ’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سری نگرجموں قومی شاہراہ کو ہنگنی کے مقام پر مٹی کے تودے گر آنے اور مہاڑ، پنتھیال، ٹی ٹو اور کشتواڑی پتھر وغیرہ مقامات پر رُک ر‘ک کر چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حمل روک دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر بارشیں ہو رہی ہیں۔حکام نے لوگوں سے ٹریفک حکام کیساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر سفر اختیار کرنے سے قبل رام بن ٹریفک کنٹرول یونٹ کے ساتھ رابطہ کریں۔اس دوران قومی شاہراہ کو بعددوپہردوطرفہ ٹریفک کیلئے کھول دیاگیا ۔ایس ایس پی قومی شاہراہ روہت بسکوترہ نے بتایاکہ سری نگر جموں قومی شاہراہ کو موسلا دار بارشوں کے پیش نظرصبح کے وقت بند کردیاگیا تھا۔انہوںنے کہاکہ سبھی مقامات سے مشینری اور مزدوروں کے ذریعے پتھروں اور مٹی نیز کیچڑکوہٹادیاگیا ،اوراسکے بعدقومی شاہراہ کو بعددوپہردوطرفہ ٹریفک کیلئے کھول دیاگیا۔ایس ایس پی موصوف کا مزید کہناتھاکہ پھسلن کی وجہ سے گاڑیاں سست رفتاری سے چل رہی ہیں تاہم شاہراہ دوطرفہ ٹریفک کیلئے کھلی ہے ۔