ایجنسیز
بارسلونا/ہسپانوی فٹ بال کے ابھرتے ہوئے سپر اسٹار لامین یمال نے بارسلونا کی لالیگا ٹائٹل جیت کے جشن کے دوران فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر کے فٹ بال کی دنیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔ بارسلونا نے اپنے روایتی حریف ریال میڈرڈ کو 2-0 سے شکست دے کر اپنا 29 واں لالیگا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اس تاریخی فتح کے بعد پیر کو بارسلونا کی گلیوں میں ایک عظیم الشان “اوپن ٹاپ بس پریڈ” نکالی گئی، جس میں ہزاروں کی تعداد میں مداحوں نے اپنے ہیروز کا استقبال کیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 18 سالہ لامین یمال بس کے اوپر سے فلسطینی پرچم لہرا رہے ہیں، جسے دیکھ کر وہاں موجود ہجوم نے پرجوش نعرے لگائے ۔ فٹ بال شائقین کی جانب سے لامین یمال کے اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے ، خاص طور پر غزہ کی صورتحال کے تناظر میں اسے ایک اہم علامتی پیغام قرار دیا جا رہا ہے ۔ یاد رہے کہ اکتوبر 2023 سے بارسلونا شہر اسپین میں فلسطین کے حق میں ہونے والی احتجاجی تحریکوں کا مرکز رہا ہے ، جہاں سے امدادی بحری بیڑے بھی روانہ کیے جاتے رہے ہیں۔بارسلونا کی یہ جیت اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ یہ دوسری بار ہے کہ لالیگا کا فیصلہ براہ راست ‘ایل کلاسیکو’ کے نتیجے پر ہوا ہے ۔ لامین یمال، جو پہلے ہی اپنی غیر معمولی کارکردگی کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں، اب اس سیاسی اظہار کی وجہ سے عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔