لاہور/یو این آئی/پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کا شرمناک ترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ 31 سالہ بابر اعظم پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے ہوئے حیدرآباد کنگزمین کیخلاف ہدف کے تعاقب میں اترے اور پہلے اوور میں محمد علی کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ۔ اس کے ساتھ ہی بابر اعظم ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ بار صفر کی خفت سے دوچار ہونے والے ٹاپ 5پاکستانی بیٹرز میں شامل ہوگئے ۔
بابر اعظم نے اس پی ایس ایل سیزن کے دوران 11 اننگز میں 73.50 کی شاندار اوسط اور 145.90 کے سٹرائیک ریٹ سے 588 رنز سکور کیے ، ان کی سیزن میں 2 سنچریاں اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ بابر اعظم اب تک 359 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 42.78 کی اوسط اور 129.04 کے سٹرائیک ریٹ سے 12493 رنز اسکور کرچکے ہیں جن میں 13 سنچریاں اور 101 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہونے والے بلے باز ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن ہیں جو 53 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے ہیں۔