عظمیٰ نیوز سروس
جموں //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے تاریخی جھیری میلے میں شرکت کی اورمنگل کو جھیری گاؤں میں بابا جیتو کو ان کی سمادھی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جھیری میلہ کے کامیاب انعقاد پر عقیدت مندوں اور تمام شراکت داروں کو مُبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ بابا جیتو اور بوا کوڑی کی یاد میں منعقد ہونے والا سالانہ میلہ مختلف ریاستوں کے عقیدت مندوں کو معاشرے میں ان کی اَنمول شراکت کے لئے سچائی ، ہمدردی اور کسانوں کے احترام کی اَبدی اَقدار کا اِشتراک کرنے کے لئے اِکٹھا کر تاہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’ بابا جیتو کی سادگی، ان کا ویژن، ایک کسان کے طور پر ان کی زندگی کا کام ہماری روحانی اور ثقافتی اَقدار کا ایک لازمی حصہ ہے۔
سماجی اِنصاف اور مساوات کے لئے ان کی قربانی اِتنی گہری ہے کہ اس نے ملک بھر میں کئی نسلوں کو متاثر کیا ہے‘‘۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بابا جیتو کی اَقدار کو تسلیم کریں اور ان کو داخل کریں اور استحصال اور امتیازی سلوک سے پاک مساوات پر مبنی معاشرے کی تعمیر میں اَپنا حصہ اَدا کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ بابا جیتو کو حقیقی خراجِ عقیدت ہو گا کہ ہم ایک مثالی اور ترقی یافتہ معاشرے کی تعمیر کے لئے خود کو وقف کر دیں۔انہوں نے فارمنگ کمیٹی کو سماجی و اِقتصادی بااِختیار بنانے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی) اور اِنتظامیہ کی طرف سے متعارف کئے گئے کسانوں پر مبنی دیگر اِصلاحات بابا جیتو کے نیک نظریات کے لئے وقف ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ کا یووا وانی اقدام نوجوانوں کو زراعت اور اس سے منسلک شعبے میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخت محنت، عزم، ہنر مندی اور مالی مدد سے نوجوان زرعی پیشہ ور جموںوکشمیر یوٹی کے شاندار مستقبل کے معمار ہوں گے۔انہوں نے پی آر آئی نمائندوں، سماجی تنظیموں اور مختلف شراکت داروںپر زور دیا کہ وہ پوری کسان کمیونٹی کے لئے ایک مضبوط سپورٹ سسٹم بنانے کے لئے سکیموں اور پروگراموں کے فوائد کو بڑھانے کے لئے حکومت کی کوششوں میں سرگرمی سے حصہ لیں۔اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے ترقی پسند کسانوں، زرعی صنعت کاروں اور جھیری میلہ کے اِنعقاد میں مصروف آفیشلز کو مُبارک باد دی۔اُنہوں نے تشیل منڈل ستواری سے فارمر پروڈیوس آرگنائزیشن ’دی ناری شکتی‘ کا بھی اِفتتاح کیا۔فنکاروں نے خطے کے بھرپور فن اور ثقافت کو ظاہر کرتے ہوئے دلکش پرفارمنس پیش کی۔اس موقعہ پر چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل جموں بھارت بھوشن،کمشنر سیکرٹری کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ محترمہ یشا مدگل، صوبائی کمشنر جموںرمیش کمار، ڈی آئی جی جے ایس کے رینج شکتی پاٹھک،سابق وزیر سکھ نندن چودھری، پی آر آئی ممبران اور زندگی سے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود تھے۔