عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سابق وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اتراکھنڈ میں صوفی شاعر بابا بلھے شاہ کے مزار کی بے حرمتی کی سخت مذمت کرتے ہوئے بی جے پی پر دوغلے پن اور صوفی روایتوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔محبوبہ مفتی نے منگل کے روز اتراکھنڈ میں معروف صوفی شاعر بابا بلھے شاہ کے مزار کی بے حرمتی پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے اس واقعے کو بی جے پی کی دانستہ منافقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل ملک کی کثرت میں وحدت اور صوفی روایتوں پر حملہ ہے۔ سماجی رابطہ پلیٹ فارم پر اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ بی جے پی رہنما بیرونِ ملک ثقافتی ہم آہنگی کا تاثر دیتے ہیں، لیکن ملک کے اندر روحانی ہم آہنگی کی علامتوں پر حملوں کے وقت خاموش یا شریکِ جرم نظر آتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پارٹی بیرونِ ملک مذہبی علامتوں کو اپناتی ہے مگر ملک کے اندر تکثیری اقدار کو کمزور کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی رہنما بیرونِ ملک مساجد میں جاتے ہیں اور مشرقِ وسطیٰ کے شیخوں کے لیے سرخ قالین بچھاتے ہیں، لیکن ملک کے اندر صوفی شاعر بابا بلھے شاہ کے مزار کی بے حرمتی پر خوشی سے تماشائی بنے رہتے ہیں۔” محبوبہ مفتی کے مطابق یہ واقعات الگ تھلگ نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے سیاسی منصوبے کا حصہ ہیں۔