اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے دریائے لدر میں بائیو میڈیکل کچرا ڈالنے پر دوائی دکان کو سر بمہر کیا ہے۔بجبہاڑہ کے سری گفوارہ علاقہ میں 'دریائے لدر' کے کنارے پر بائیو میڈیکل کچرے کو ٹھکانے لگانے سے متعلق میڈیا رپورٹس کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے تحصیلدار سری گفوارہ، ڈرگ انسپکٹر اور بلاک میڈیکل آفیسر کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی تھی جس نے نے اس جگہ کا معائنہ کیا اور معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے لوئسیر سری گفوارہ میں واقع ’وانی میڈیکل اسٹور‘کے خلاف ضابطے کی کھلی خلاف ورزی کرنے پر اسٹور کو سربمہر کر دیا ہے۔اس کے علاوہ دکان مالک کو بائیو میڈیکل کچرہ دریا میں ڈالنے پر نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔ڈی سی نے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ کرنا ہر شہری کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی طریقوں سے باز رہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا طرز عمل انسانی جانوں کے لئے نقصان دہ اور تباہی کا باعث ہے۔