عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//اے این ایم ٹی اسکول راجوری کے طلباء نے جمعہ کے روز ادارے میں بنیادی تعلیمی اور عملی سہولیات کی مبینہ عدم دستیابی کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طلبہ نے نعرہ بازی کرتے ہوئے اور پلے کارڈ اٹھا کر انتظامیہ کے خلاف اپنے غصہ اور ناراضگی کا اظہار کیا۔احتجاج کرنے والے طلباء کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ سے ان کے تعلیمی اور پریکٹیکل تربیت سے جڑے مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے ان کی پڑھائی اور پیشہ ورانہ تربیت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ طلباء کے مطابق ادارے میں بنیادی انفراسٹرکچر کی کمی، ضروری آلات کی قلت اور مناسب تدریسی انتظام نہ ہونے سے ان کا تعلیمی مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔بطور احتجاج طلباء نے جواہر نگر علاقے میں سڑک بلاک کر دی جس کے باعث کچھ وقت کے لئے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی۔ سڑک بند ہونے سے مسافروں اور مقامی لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں لیا۔اس دوران راجوری پولیس کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مظاہرین طلباء سے بات چیت کی۔ پولیس افسر نے طلبہ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچائے جائیں گے جس کے بعد طلبہ نے احتجاج ختم کر دیا اور ٹریفک بحال کر دی گئی۔طلبہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مناسب کلاس رومز، جدید عملی آلات اور مطلوبہ تدریسی عملہ فراہم کیا جائے تاکہ ان کا تعلیمی سیشن مزید متاثر نہ ہو۔ ادھر حکام کی جانب سے معاملہ کا جائزہ لے کر جلد حل نکالنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔