۔15 گاڑیاں ضبط، ڈھائی لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد، اوورلوڈ اسکول گاڑی بھی زد میں
جاوید اقبال
مینڈھر// اے آر ٹی او پونچھ کی قیادت میں ٹریفک پولیس نے مینڈھر قصبہ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف ایک بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا، جس کے دوران 15 گاڑیوں کو ضبط (سیز) کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کارروائی کا مقصد سڑکوں پر بڑھتی بے ضابطگیوں کو روکنا اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔کارروائی کے دوران نائب تحصیلدار مینڈھر بھی موقع پر موجود رہے اور ٹریفک ٹیم کے ہمراہ مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ حکام کے مطابق متعدد گاڑیاں بغیر مکمل کاغذات، اوورلوڈنگ اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں میں ملوث پائی گئیں، جن کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔کریک ڈاؤن کے دوران ایک سومو گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا جس میں گنجائش سے کہیں زیادہ، تقریباً 20 اسکولی بچے سوار تھے۔ حکام نے اس عمل کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی لاپرواہی بچوں کی جانوں کو شدید خطرے میں ڈال دیتی ہے۔ متعلقہ گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔اے آر ٹی او پونچھ نے اس موقع پر کہا کہ اوورلوڈنگ، بغیر لائسنس ڈرائیونگ، فٹنس سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خاص طور پر اسکولی بچوں کی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو خبردار کیا کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے اور معمولی سی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔انتظامیہ نے گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور سڑکوں پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ حکام نے واضح کیا کہ یہ کریک ڈاؤن محض ایک وقتی کارروائی نہیں بلکہ مستقبل میں بھی اس طرح کی سخت مہمات جاری رہیں گی تاکہ سڑک حادثات میں کمی لائی جا سکے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔مقامی لوگوں نے بھی ٹریفک پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسی مہمات سے علاقے میں ٹریفک نظام مزید بہتر ہوگا اور حادثات کی شرح میں کمی آئے گی۔