’ای وی ایم‘ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے بھاجپا کی 3 ریاستوں میں جیت حکمران جماعت نے جموں و کشمیر میں جمہوریت کو روند ڈالا: وقار رسول وانی

زاہد بشیر

گول// گول میں کانگریس کے یوٹی جموں وکشمیر کے صدر وقار رسول وانی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی تین ریاستوں میں بھاجپانے ای وی ایم مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے اسمبلی انتخابات میں جیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھاجپانے بیرون ملک سے ای وی ایم مشینوں کا سافٹ ویئرخریداہے جس وجہ سے وہ اپنی چالوں میں کامیاب ہوئی۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا نے جموں و کشمیر میں جمہوریت کو روند ڈالا ہے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کے دوران تینوں ریاستوں میں کانگریس اور بھاجپا ساتھ ساتھ چل رہی تھیں اور اچانک کیاہواکہ بھاجپا آگے چلی گئی۔یہ صد فی صد ای وی ایم کاگھوٹالہ ہے اس کی جانچ ہونی چاہئے۔وانی نے کہاکہ یورپ کی تمام ممالک نے ای وی ایم پرقدغن لگایا گیا ہے اورکیاوجہ ہے کہ یہاں نہیں اس پرقدغن لگایاجاتاہے۔ وقار رسول نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے جس اسمبلی میں عوامی نمائندے عوام کی آواز بلند کرتے تھے، اسی اسمبلی میں آج فلمیں بن رہی ہیں۔کانگریس صدر نے مزید کہا کہ بی جے پی نے جمہوریت کا گلہ گھونٹ دیاہے۔پنچایتی اور میونسپل الیکشن نہیں کرائے جارہے ہیں۔