عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ESIC)نے بمنہ میں واقع والنٹری میڈی کیئر سوسائٹی (VMS)کے کیمپس میں اپنا پہلا طبی اور صحت بیداری کیمپ منعقد کیا۔اس پروگرام کے دوران تقریباً 50ملازمین کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا۔ وی ایم ایس نے کیمپ کے انتظامات اور لاجسٹک سہولیات فراہم کیں، جبکہ ای ایس آئی سی کی طبی ٹیم نے مختلف بیماریوں اور صحت کے مسائل سے متعلق ملازمین کا تفصیلی چیک اپ کیا۔کیمپ میں ملازمین نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور اپنے روزمرہ زندگی پر اثر انداز ہونے والے مختلف طبی مسائل کی تشخیص اور علاج کے لیے ماہر ڈاکٹروں سے مشورہ لیا۔ای ایس آئی سی کی ٹیم نے اس موقع پر وی ایم ایس کے صحت کارکنوں میں مفت ادویات بھی تقسیم کیں۔کیمپ کا بنیادی مقصد ملازمین کو ای ایس آئی سی اسکیم کے تحت دستیاب سہولیات، طبی خدمات اور انشورنس فوائد سے آگاہ کرنا تھا، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو پہلے سے اس اسکیم میں رجسٹرڈ ہیں۔ای ایس آئی سی ہسپتال اومپورہ کے ماہرین اور افسران نے ملازمین کو صحت کی سہولیات، انشورنس فوائد اور دیگر فلاحی اقدامات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔