یواین آئی
بھوپال// مدھیہ پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر انوپم راجن نے کہا کہ مثالی ضابطہ اخلاق کی وجہ سے یکم جون تک کسی بھی قسم کے ایگزٹ پول کا انعقاد اور اس کے نتائج پرنیٹ یا الیکٹرانک میڈیا میں شائع کرنے پر پابندی ہے۔ راجن نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے 28 مارچ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، انتخابی ضابطہ اخلاق کے دوران یکم جون 2024 کی شام ساڑھے چھ بجے تک انتخابات کے سلسلے میں کسی بھی قسم کے ایگزٹ پول کا اہتمام اور پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا میں اس کے نتائج کی اشاعت یا تشہیر یا کسی اور طریقے سے اسے پھیلانا سختی سے ممنوع ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیشن کے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ انتخابات کے دوران کسی بھی قسم کے اوپینین پول یا کسی دوسرے پولنگ سروے کے نتائج سمیت الیکشن سے متعلق کسی بھی قسم کے معاملات کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی۔واضح رہے کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 126 اے میں یہ التزام کیا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص کسی بھی ایشو ووٹ کا سروے نہیں کرے گا اور کسی بھی ایشو ووٹ سروے کا نتیجہ اس مدت کے دوران جو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹی فائی کیا جائے، پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے شائع یا تشہیر یا کسی اور طریقے سے پھیلایا نہیں جائے گا۔ اگر کوئی شخص اس شق کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے دو سال تک قید یا جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔