عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایک غیر معمولی انسانی جذبے کے تحت، لداخ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان لڑکے کی لاش، جو گزشتہ ماہ دریائے سورو میں ڈوب گیا تھا اور بعد میں اس کا سراغ پاکستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) میں لائن آف کنٹرول کے پار سے ملا تھا، شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں ٹیٹوال کراسنگ پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔حکام کے مطابق ذوالقرنین علی کی عمر چھ سے نو سال کے درمیان تھی، کی لاش بدھ کے روز کرگل ضلع میں ان کے آبائی گائوں ہنڈر مین پہنچی، جسے ایک دن قبل ہی دونوں اطراف کے درمیان روایتی کراسنگ پوائنٹ، ٹیٹوال پل پر حکام کی جانب سے وصول کیا گیا۔یہ پل، جو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں بگاڑ کے بعد 2019 سے شہریوں کی نقل و حرکت کے لیے بند تھا، لاش کی وطن واپسی کی سہولت کے لیے عارضی طور پر دوبارہ کھول دیا گیا۔لداخ پولیس نے تصدیق کی کہ کرگل منتقل کرنے سے پہلے منگل کے روز لاش کو باضابطہ طور پر سرحد پار سے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔یہ واقعہ 20 مارچ کا ہے جب ذوالقرنین اور ایک اور بچہ مبینہ طور پر ہنڈر مین میں دریائے سورو کے قریب کھیلتے ہوئے ڈوب گئے تھے۔ واقعے کے فورا ًبعد ایک لاش برآمد ہوئی، دوسرے بچے کی لاش ایل او سی کے اس پار بلتستان میں بہہ گئی۔