عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پیپلز کانفرنس کے صدر اور ایم ایل اے ہندواڑہ سجاد لون نے ہفتے کے روز محکمہ خزانہ کے حالیہ کفایت شعاری کے حکم نامے پر نیشنل کانفرنس کی زیرقیادت حکومت کی شدید مذمت کی اور انتظامیہ پر ان نوجوانوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا جن سے انتخابات کے دوران روزگار کا وعدہ کیا گیا تھا۔نئی اسامیوں کی تخلیق پر پابندی لگانے اور دو سال سے زائد عرصے سے خالی اسامیوں کو سرنڈر کرنے کی ہدایت دینے والے حکم نامے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، لون نے کہا کہ اس اقدام نے منتخب حکومت کی ’بے ایمانی‘کو بے نقاب کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے منشور میں ایک لاکھ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا۔ اب ان لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہوئے جنہوں نے انہیں ووٹ دیا تھا، اس نے نئی اسامیوں کی تخلیق پر پابندی لگا دی ہے۔لون نے مزید خبردار کیا کہ طویل عرصے سے خالی اسامیوں کو ختم کرنے سے پورے جموں و کشمیر میں بے روزگاری کا بحران مزید سنگین ہو جائے گا۔