یو این آئی
میڈرڈ/ ڈیاگو سیمیونی کی ٹیم ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے کوپا ڈیل رے کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے (فرسٹ لیگ) میں دفاعی چیمپئن بارسلونا کو 0-4 سے شکست دے کر فائنل کی راہ ہموار کر لی ہے ۔ بارسلونا کے لیے اب ہوم گراؤنڈ پر ہونے والے دوسرے مرحلے میں واپسی ایک ناممکن مشن دکھائی دیتی ہے ۔جمعرات کے روز کھیلے گئے اس یک طرفہ مقابلے میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے کھیل کے پہلے 45 منٹ میں ہی بارسلونا کا غرور خاک میں ملا دیا۔ ہانسی فلک کی زیرِ تربیت بارسلونا کی ٹیم شروع ہی سے دباؤ کا شکار رہی۔ کھیل کے چھٹے منٹ میں بارسلونا کے دفاعی کھلاڑی ایرک گارسیا نے گیند گول کیپر جوآن گارسیا کی طرف اچھالی، مگر گول کیپر کی غفلت کے باعث گیند ان کے بوٹ کے نیچے سے پھسل کر گول لائن عبور کر گئی۔ 14ویں منٹ میں انٹوان گریزمین نے ناہوئل مولینا کے خوبصورت پاس پر گیند کو جال کی راہ دکھا کر برتری دوگنی کر دی۔ 33ویں منٹ میں جولین الواریز کے پاس پر لک مین نے شاندار فنشنگ کرتے ہوئے اسکور 0-3 کر دیا۔ ہاف ٹائم سے ذرا قبل جولین الواریز نے ڈی باکس کے قریب سے ایک طاقتور شاٹ کے ذریعے چوتھا گول داغ کر بارسلونا کی رہی سہی امیدیں بھی ختم کر دیں۔