عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو تزئین کاری کئے گئے ایودھیا ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا اور2 امرت بھارت جبکہ6 وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ انہوں نے ایٔر پورٹ کا بھی افتتاح کیا اور اترپردیش کیلئے ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیادرکھا۔ ایودھیا میں ایٔر پورٹ سے ریلوے اسٹیشن تک مودی کا روڈ شو بھی ہوا جس میں ہزاروں لوگوں نے مودی کا استقبال کیاجبکہ روڈ شو کے دوران متعدد ثقافتی پروگرام منعقد کئے گئے ۔اس ضمن میں اترپردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ یوگی نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ایودھیا میں وزیر اعظم کا دل سے استقبال ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات ہیں۔ ریلوے اسٹیشن کے دورے کے وقت مودی کے ساتھ وزیر ریلوے اشونی ویشنو بھی تھے جنہوں نے مودی کو ریلوے اسٹیشن کے بارے میں مختصر معلومات دی۔ حکام کے مطابق ایودھیا کے ریلوے اسٹیشن کے فیز ون کی تزئین کاری 240 کروڑ روپے سے زائدرقم کی لاگت سے کی گئی ہے۔ تین منزلہ ریلوے اسٹیشن کی عمارت میں خود کار زینہ ، لفٹ، فوڈ پلازہ ، متعدد دکانیں، بچوں کی نگرانی کیلئے ایک کمرہ اور ویٹنگ روم جیسی سہولیات ہیں۔مودی نے جن 6 وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی ہے ان میں ماتا ویشنو دیوی کٹرا ایکسپریس، نئی دہلی وندے بھارت ایکسپریس، امرتسر دہلی وندے بھارت ایکسپریس،کوئمبٹور بنگلور کانت وندے بھارت ایکسپریس،منگلور مدگائوں وندے بھارت ایکسپریس ، جالنہ ممبئی وندے بھارت ایکسپریس اور ایودھیا آنند وہار وندے بھارت ایکسپریس شامل ہیں۔خیال رہے کہ مودی22 جنوری کو ایودھیا کے رام مندر کا بھی افتتاح کرنے والے ہیں ۔
جدیدکاری کے دور کی طرف ریلوے کے مضبوط قدم
یو این آئی
نئی دہلی// سال 2023 میں ہندوستانی ریلوے نے اہل وطن کو وندے بھارت ایکسپریس اور امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں نیز امرت بھارت اسٹیشنوں کے ذریعہ جدید کاری کے ایک دور کا مضبوط آغاز کیا۔پورے سال کے دوران اڈیشہ کے بالاسور میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جس میں وزیر ریلوے اشونی ویشنو سمیت ریلوے کی وزارت کی اعلیٰ قیادت نے جس تیزی کے ساتھ راحت اور بچاؤ اور ٹریک کی مرمت کا کام مکمل کیا، اس نے ایک انوکھی مثال قائم کی۔ اس حادثے میں 294 جانیں گئیں۔سال 2023 میں، وندے بھارت ایکسپریس ٹرینیں ملک کے مختلف علاقوں، ریاستوں میں بہت مقبول رہیں۔ ملک کی پہلی سیمی ہائی اسپیڈ وندے بھارت ٹرین کا آغاز 15 فروری 2019 کو نئی دہلی سے وارانسی کے لئے ہواتھا۔ سال کے اختتام سے ایک دن پہلے اجودھیا سے چھ وندے بھارت ٹرینیں چلائی گئیں۔ اس کے ساتھ اب تک 41 وندے بھارت ٹرینیں چل چکی ہیں۔
ریلوے کرایوں میں اضافہ | غریبوں پر ظلم: راہل گاندھی
یو این آئی
نئی دہلی// کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ہفتہ کو مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف زمروں کے ریل کرایوں میں اضافہ کرکے غریبوں کے حقوق کا قتل کر رہی ہے اور ریل کرایہ میں رعایت ختم کرکے بزرگ شہریوں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔ گاندھی نے ہفتہ کو’ایکس’ پر کہا کہ ریل غریبوں کی سواری ہے لیکن مودی حکومت غریبوں کو اس سے محروم کرنا چاہتی ہے، اسلئے ہر طبقے کا کرایہ بڑھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ’’غریبوں کی سواری‘‘، انڈین ریلوے کے ہر طبقے کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا، یہاں تک کہ بزرگوں کو دی جانے والی کرایوں کی رعایت کو ختم کر دیا گیا، پلیٹ فارم ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا، نجکاری کے دروازے کھول دیے گئے۔ عوام کا کمایا ہوا پیسہ ضائع ہو گیا، کیا یہ پیسہ حکومت سے سیلفی اسٹینڈ بنانے کے لیے نچوڑا جا رہا ہے؟