این سی ۔کانگریس جموں وکشمیر کو بدامنی کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں :انوراگ ٹھاکر

عاصف بٹ

کشتواڑ //سابقہ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے جمعرات کو کانگریس اور نیشنل کانفرنس پر الزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ وہ دفعہ 370 کی بحالی کے ذریعے جموں و کشمیر کو ملی ٹینسی اور بدامنی کے دور میں واپس دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد جموں و کشمیر میں امن قائم ہوا ہے اور ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے۔ ٹھاکر نے پاڈر ناگسینی اسمبلی حلقے میں بی جے پی امیدوار سنیل شرما کے حق میں ایک روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کو دہشت گردی کے دور میں واپس دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بی جے پی ہی آئندہ اسمبلی انتخابات میں جیت کر کے حکومت بنائے گی۔ ٹھاکر نے مزید کہا کہ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے 60 سال کی حکمرانی کے بعد بھی کشمیر کا دورہ نہیں کیا لیکن وزیراعظم نریندر مودی کے زیر قیادت دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد ہی انہوں نے کشمیر میں برفباری اور آئس کریم کا تجربہ کیا۔ ٹھاکر نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ دہائیوں سے عوامی مشکلات کے ذمہ دار ہیں اور اب پھر سے دہشت گردی اور بدامنی کو بحال کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٓاج کشمیر ترقی امن اور خوشحالی کی علامت بن چکا ہے جہاں ایمز آئی آئی ایمز،میڈیکل کالجز، آئی آئی ٹی این آئی ایف ٹی اور آئی آئی ایم سی موجود ہیں جو کہ وزیر اعظم مودی کی بصیرت کا نتیجہ ہے۔