عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کی قیادت اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ کے درمیان کسی بھی قسم کے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ چودھری رمضان نے جمعرات کو کہا کہ پارٹی متحد ہے اور اپنے سیاسی مقاصد پر پوری طرح توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔پارٹی کا ایڈیشنل جنرل سیکریٹری مقرر کرنے پر چودھری رمضان نے این سی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اپنی نئی ذمہ داری سنبھالنے پر منعقدہ ایک اعزازی تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، چودھری رمضان نے بتایا کہ پارٹی کے اندر اختلاف صرف طریقہ کار کا ہے، نیت کا نہیں۔ انہوں نے کہا، پارٹی میں کوئی ان بن نہیں ہے۔ صرف اپروچ میں فرق ہے۔ آغا روح اللہ نوجوان ہیں اور چاہتے ہیں کہ معاملات جلدی انجام پائیں، لیکن ایسے معاملات میں وقت لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ پارلیمانی اجلاس کے دوران ان کی آغا روح اللہ سے ملاقات ہوئی اور وہ پارٹی اور قیادت کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ پائے گئے۔ رمضان نے کہا میں نے انہیں پارٹی یا قیادت کے خلاف نہیں پایا۔ ان کا نقطہ نظر مختلف ہو سکتا ہے، لیکن ان کے مقاصد نیشنل کانفرنس کے مقاصد ہی ہیں۔این سی رہنما نے بتایا کہ پارٹی کے مطالبات پر مشتمل ایک یادداشت پہلے ہی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو پیش کی جا چکی ہے۔وزیر داخلہ نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ہمارے تمام مطالبات جلد پورے کیے جائیں گے۔ انھوںنے کہا وزیر اعلی بھی امیت شاہ سے ملاقات کریں گے تاکہ دیگر متعلقہ امور پر بات چیت کی جا سکے۔