عظمیٰ نیوز سروس
جموں//خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) نے جمعہ کو چیف جوڈیشل مجسٹریٹ جموں کی عدالت میں نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر 11 مارچ 2026 کو رائل پارک گریٹر کیلاش میں قاتلانہ حملے سے متعلق کیس میں چارج شیٹ پیش کی۔14 مارچ کو اس کیس کی مکمل تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی، جموں-سانبہ-کٹھوعہ رینج کی نگرانی میں سات رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم(ایس آئی ٹی)تشکیل دی تھی۔پولیس کے مطابق 11 مارچ 2026 کو رائل پارک بینکویٹ ہال میں شادی کی تقریب میں شریک ڈاکٹر فاروق رات 10 بج کر 10 منٹ پر پنڈال سے نکل رہے تھے، ملزم کمل سنگھ جموال (63) ولد اجیت سنگھ جموال ساکن پرانی منڈی نے ریوالور نکالا اور قریب سے فائر کھولنے کی کوشش کی۔ تاہم حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 29/2026 U/s 109 BNS اور آرمز ایکٹ کی دفعہ 3/25 پولیس اسٹیشن گنگیال، جموں میں درج کیا گیا تھا۔