ڈاک بنگلہ میں تمام محکمہ جات کی میٹنگ لی، سرمائی تیاریوں کا لیا جائزہ
زاہد بشیر
گول//ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین نے ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اور سی ای او رام بن سلطان خان کے ہمراہ گو ل کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد تعلیم کو فروغ دینا، سیلاب متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنا اور علاقے میں سرمائی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔انہوں نے ماڈل ہائر سکینڈری سکول گول کے احاطے میں گورنمنٹ ہائی سکول اور ہائر سیکنڈری سکولو ں میںسمارٹ بورڈز تقسیم کیے تاکہ ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ ملے اور جدید تعلیمی ذرائع کے ذریعے تدریسی معیار میں بہتری آئے۔اس موقع پر سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں بحالی اور فوری امداد کے لیے سی ڈی ایف کے تحت 10لاکھ روپے کے چیکس بھی تقسیم کیے گئے۔اس کے بعد ایم ایل اے نے گول ڈاک بنگلہ میں تمام محکمہ جات کی ایک مشترکہ کا انعقاد کیا جس دوران انہوں نے سرمائی تیاریوں کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا اور آئندہ سردیوں کے پیش نظر بروقت اقدامات کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔افسران نے اجلاس کو ضروری اشیائے خورد و نوش کی دستیابی، طبی سہولیات، سڑکوں کی حالت، بجلی کی فراہمی اور پینے کے پانی کے انتظامات سے آگاہ کیا۔ ایم ایل اے نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ سرمائی موسم میں عوامی ضروریات پر خصوصی توجہ دیں۔اس موقعہ پر ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایم ایل اے نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارا ابھی ایک ہی سال ہوا ہے اور جو خرابی ہوئی ہے وہ پچھلی سرکاروں کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل انہوں نے گول اور سنگلدان ہسپتالوں میں ایمبولینس دینے کا اعلان کیا تھا وہ جلد فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی باز آبادی کاری کے لئے سرکار نے پانچ پانچ مرحلہ فی کنبہ اراضی کا اعلان کیا ہے اور جلد وہ دی جائے گی ۔