عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ایم ایس ایم ای ڈی ایف او برانچ سرینگر کے صنعتی علاقہ صنعت نگر میں بدھ کو ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سینٹر (ڈی آئی سی)بڈگام کے جنرل منیجر نے کی۔یہ پروگرام آر اے ایم پی (RAMP)سکیم کے تحت منعقد کیا گیا، جس کا مقصد مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای)کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور انہیں تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ یہ اسکیم ورلڈ بینک کے تعاون سے وزارت ایم ایس ایم ای، حکومت ہند کے اشتراک سے چلائی جا رہی ہے۔
پروگرام کے دوران جموں و کشمیر میں 2025-2026اور 2026-2027کیلئے ادیم رجسٹریشن کے ذریعے ایم ایس ایم ای یونٹس کی باضابطہ رجسٹریشن پر خصوصی زور دیا گیا۔ ڈی آئی سی بڈگام کے افسران نے مختلف سہولیات، فوائد اور حکومتی معاونت کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور صنعتکاروں کو ان اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔اس موقع پر صنعت نگر کے تقریباً 80شرکا، جن میں انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے اراکین بھی شامل تھے، نے شرکت کی اور معلوماتی سیشن کو سراہا۔