عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے جندرولہ علاقہ میں منگل کو ایک کی ایک ہولناک وارداد میں ماں اور اس کا کمسن بیٹا لقمہ اجل بن گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق منڈی تحصیل کے جندرولہ علاقہ میں رسوئی گیس لیک ہونے کی وجہ سے آگ لگ گئی جس کی وجہ سے ماں اور بیٹا لقمہ اجل بن گئے۔ علاقہ کے نمبردار کے مطابق یہ معاملہ اسوقت پیش آیا جب جندرولہ کے وارڈ نمبر ۲ میں رہ رہے ساجد حسین کے گھر ایک رسوئی گیس کی پائپ لیک ہوئی اور اس میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے ساجد حسین کی زوجہ اور اس کا آٹھ ماہ کا کمسن بچہ آگ میں جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا اگر چہ مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی کے عملے کی جانب سے مکان کو جلنے سے بچایا گیا۔ مگر مکان میں جانی نقصان ہونے سے نہ بچا سکے ،مہلوکین کی شناخت شازیہ کوثر زوجہ ساجد حسین اور آٹھ ماہ کے علیان ولد ساجد حسین کے طور پر ہوئی ہے۔ بعد ازاں مہلوکین کو قانونی لوازمات کے بعد پرْنم آنکھوں سے سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایات پر تحصیلدار منڈی کی جانب سے مہلوکین کے ورثا کو پچیس ہزار روپے نقد دیا گیا معاملے کے حوالے سے پولیس تھانہ منڈی میں ایک کیس بھی درج کیا گیا۔