عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے رضاکارانہ میڈیکیئر سوسائٹی کا دورہ کیاجو گزشتہ پانچ دہائیوں سے زائد عرصے سے جموںو کشمیر اور لداخ میں خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد (پی ڈبلیو ڈِی یس)کی صحت، تعلیم، روزگار اور سماجی شمولیت کے شعبوں میں انتھک خدمات انجام دے رہی ہے۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے تنظیم کے عہدیداروں اور پیرا ایتھلیٹس سے کے ساتھ جموںوکشمیر اور لداخ میں دیویانگ جن کے لئے مکمل بااِختیار بنانے ، بحالی اور کھیلوں کی ترقی کے حوالے سے اہم بات چیت کی۔صدر و بانی وِی ایم ایس ڈاکٹر میر محمد مقبول اور نائب صدر پروفیسر مسعودہ یاسین سمیت تنظیم کے عہدیداروں نے لیفٹیننٹ گورنر پر زور دیا کہ موافق کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک مضبوط اور منظم نظام قائم کیا جائے۔ اِس موقع پر فزیوتھراپی کے لئے روبوٹک آلات، صحت اور ہنر مندی کے مراکز، ضلعی سطح سے بین الاقوامی مقابلوں تک صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے جموں و کشمیر پیرا سپورٹس ایسوسی ایشن کے قیام، سال بھر تربیت اور بحالی کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے اِنڈور پیرا سپورٹس ہال کی تعمیر، خصوصی سپورٹس وہیل چیئرز، جدید کھیلوں کا سامان، کوچنگ کیمپس، ایکسپوژر پروگراموں اور سفری معاونت سمیت مختلف تجاویز پر غور وخوض کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں مرکزی حکومت دیویانگ جن کی فلاح و بہبود اور انہیں مساوی مواقع کو یقینی بنانے کے اپنے مشن میں ثابت قدم ہے۔
انہوں نے کہا،حالیہ برسوں میں جموں و کشمیر کے پیرا ایتھلیٹس نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر خطے کا نام روشن کیا ہے۔ اِنتظامیہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے‘‘۔انہوں نے رضاکارانہ میڈیکیئر سوسائٹی اور اس سے وابستہ دیگر تنظیموں کی پوری ٹیم کی بے لوث خدمات اور غیر معمولی لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بے شمار افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے۔ انہوں نے بحالی مراکز، وارڈوں اور دیگر سہولیات کا معائینہ بھی کیا اور خصوصی ضرورتوں کے حامل بچوں سے بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”جب بھی معاشرے میں بامعنی تبدیلی آتی ہے تو اس کے پیچھے ڈاکٹر میر محمد مقبول جیسے پرعزم افراد اور یہاں خدمت انجام دینے والے لوگ ہوتے ہیں۔ آج میں خود کو رضاکارانہ میڈیکیئر سوسائٹی سے وابستہ محسوس کرتا ہوں جس طرح اس کے عہدیداران اور رضاکار اس عظیم مقصد کے لئے دل و جان سے کام کر رہے ہیں‘‘۔اِس موقعہ پر صدر و بانی وی ایم ایس ڈاکٹر میر محمد مقبول، نائب صدر پروفیسر مسعودہ یاسین، سیکرٹری ڈاکٹر فاروق احمد کلو،رکن ایگزیکٹیو بورڈ اِنجینئر ماجد احمد بالا،سٹاف، کوچز، ٹرینرز اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کے ہمراہ ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اکشے لابرو اور دیگر سینئر افسران بھی تھے۔