کے این ایس
سرینگر//سرینگر سے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ اگر ریزرویشن فائل ایل جی کے دفتر میں ہے تو وہ لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر کے باہر احتجاج کریں گے۔ریزرویشن کے عمل میں ایم پی موصوف نے انتظامیہ کی طرف سے بات چیت کی کمی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلباء کو فائل کی حالت اور اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرے‘‘۔اگرحکومت طلباء سے بات کرنے اور انہیں اعتماد دلانے سے قاصر ہیں، تو میں ان کے لیے بات کرنے اور ہر پلیٹ فارم پر ان کی حمایت کرنے کے لیے تیار ہوں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ طلباء تک پہنچیں اور انہیں ریزرویشن فائل کی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا ’’کل تک اب بھی وقت ہے، اگر انتظامیہ کو ان طلباء سے ہمدردی ہے تو وہ انہیں بلائے، ان سے بات کرے، اور انہیں اعتماد میں لے‘‘۔ ایم پی نے وزراء اور منتخب نمائندوں کو احتجاج میں شامل ہونے کی کھلی دعوت بھی دی اگر فائل ایل جی انتظامیہ کے پاس رہ گئی ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’اگر فائل ایل جی کے پاس ہے اور حکومت طلباء کو شامل کرنے میں ناکام رہی تو میں کل ایل جی آفس کے باہر احتجاج کروں گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ طلباء کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔روح اللہ نے کہا’’جہاں بھی طلباء بیٹھیں گے، میں ان کے ساتھ بیٹھوں گا۔ اگر فائل ایل جی کے پاس ہے تو میں اس کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے تیار ہوں‘‘۔