جموں//سی پی آئی ایم کے لیڈر اور ایم ایل اے کلگام محمد یوسف تاریگامی نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ عید سے قبل ملازمین کو تنخواہیں واگزار کی جائیں۔یہاں جاری پریس بیان میں محمدیوسف تاریگامی سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرکار نے سماج کے غریب طبقہ کو نظر انداز کیا ہے ،بڑی مدت سے لوگوں کو اولڈ ایج پنشن سے محروم رکھا گیا ہے اس لئے سماج کا یہ غریب طبقہ کافی پریشان ہے کیوں کہ ریاست کی مخلوط سرکار ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دیتی ہے۔مرکز ی سرکار نے ایس ایس اے کے تحت ٹیچر تو لگا لئے لیکن ان کو اکثرو بیشتر کئی مہینوں تک تنخواہوں سے محروم رکھا جاتا ہے ۔بڑی مدت سے یہ ملازمین احتجاج کر رہے ہیں اور ریاستی سرکار انہیں روز اس بات کی یقین دہانی کراتی ہے کہ ان کا مسئلہ یونین ہیومن ریسورس منسٹری کے ساتھ اٹھایا جائے گا لیکن ایسا کچھ دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے نا جانے ریاستی مخلوط سرکار کو مرکز کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھانے میں کیوں ہچکچاہٹ محسوس کر رہی ہے ۔تاریگامی نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ رہبر تعلیم اساتذہ کے ساتھ ساتھ من ریگاورکروں ،کنٹریکچول ملازمیں ،آنگن واڑی ورکروں ،ہیلپروں آشا ورکر،سی پی ڈبلیواور مڈدے میل ورکروں کو عید سے قبل ہی تنخواہیں واگزار کی جائیں جن کو ریاستی سرکار نے بڑی مدت سے لٹکا کر رکھا ہے جو انسانیت کے خلاف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی کابینہ میں کیجول ورکروں کی مستقلی کے بارے میں بحث تو ہوئی لیکن ابھی تک ان کو مستقل نہیں کیا گیا جو قابل تشویش ہے ۔آخر میں انہوں نے سرکار سے اپیل کی ان ملازمین کی تنخواہیں عید سے قبل واگذار کی جائیں ۔