سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/ننت ناگ ضلع کے اچھ بل علاقے میں جمعرات کو ایک شخص پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ متوفی کی شناخت34 سالہ مسرور احمد موچی ساکن شیلی پورہ، اننت ناگ کے طور ہوئی۔ اس کی لاش اچھ بل میں ملی جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا،جہاں نعش کا پوسٹ مارٹم کیاگیا،اورضروری طبی وقانونی لوازمات کے بعد میت آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپردکی گئی۔ پولیس نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور موت کی وجہ کے حالات کا تعین کرنے کیلئے مزید تحقیقات جاری ہے۔اس دوران پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) سری نگر میں جمعرات کو ایک پولیس اہلکار کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔ پولیس اہلکار، جو6ویں آئی آر بٹالین سے وابستہ ہے اور اس وقت پی سی آر سری نگر میں تعینات ہے،کو اپنے کمرے میں بے ہوش پایا گیا۔اسے فوری طور پر پی سی آر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی تشخیص سے موت کی وجہ دل کا دورہ پڑنا ہے۔متوفی کی شناخت محمد باری ولد بیرو گجر کے طور پر ہوئی ہے جو ڈوڈہ ضلع کا رہنے والا ہے۔ اس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے پی سی آر مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔جبکہ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔