عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ضلع بارہمولہ کے اوڑی حلقہ میں پنڈت دین دیال اپادھیائے پرشکشن مہا ابھیان-2026 کے تحت ایک تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا۔جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول نے تربیتی کیمپ سے بطور چیف اسپیکر خطاب کیا۔اس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے اشوک کول نے اس بات پر زور دیا کہ پرشکشن مہابھیان ایک اہم تنظیمی پہل ہے جس کا مقصد پارٹی ڈھانچہ کو نچلی سطح سے اوپر تک مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام پارٹی کارکنوں کو نظریاتی وضاحت، تنظیمی نظم و ضبط اور موثر مواصلاتی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں، جس سے وہ معاشرے کی زیادہ موثر خدمت کر سکیں۔کول نے مزید زور دیا کہ بی جے پی کی طاقت اس کے پرعزم اور اچھی تربیت یافتہ کیڈر میں ہے۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے کہا کہ وہ معاشرے کے آخری فرد کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کریں۔ ہم آہنگی اور مسلسل سیکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کیڈر پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ فعال طور پر جڑیں اور حکومت کی پالیسیوں اور کامیابیوں کو مؤثر طریقے سے بتائیں۔ بی جے پی جموں و کشمیر کے ترجمان ساحل بشیر، ضلع صدر بارہمولہ غلام حسین ڈاردیگر سینئر لیڈران، بوتھ لیول کارکنوں نے ورکشاپ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔