پونچھ//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کو خیر آباد کہہ کر جموں کشمیر اپنی پارٹی میں شامل ہونے والے سابق ایم ایل اے حویلی شاہ محمد تانترے 5اگست کو پونچھ پہنچے۔ اس دوران ان کے چاہنے والوں اور اپنی پارٹی کے سینکڑوں کارکنان نے کلائی پل کے قریب ان کا والہانہ استقبال کیاجس کے بعد گاڑیوں کی بڑی ریلی ان کو لیکر ان کی رہائش گاہ پہنچی۔اس دوران ایک مختصر تقریب منعقد کی گئی جہا ںمقررین نے شاہ محمد تانترے کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان و مبارک باد پیش کی۔شاہ محمد تانترے نے اس دوران کہا کہ انھوں نے اپنی پارٹی میں اس لئے شمولیت کی ہے کیونکہ اس پارٹی کے قائد الطاف حسین بخاری جیسے ایماندار اور نیک سیرت انسان ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جو حالات اس وقت جموں کشمیر کے چل رہے ہیں ان کو حل کرنے کی اگر کوئی قابلیت رکھتا ہے تو وہ الطاف بخار ی کی شخصیت ہے۔انھوں نے کہا کہ الطاف بخاری نے پی ڈبلیو ڈی کے وزیر رہنے کے دوران اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ وہ پونچھ جیسے ضلع کی تعمیر و ترقی چاہتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ پانچ اگست کا دن جموں وکشمیر کی عوام کے لئے یوم سیاہ ہے کیونکہ اس دن جموں کشمیر کے لوگوں کی شناخت ان سے چھین لی گئی تھی۔انھوںنے مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا کہ جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس دیا جائے۔انھوں نے کہا کہ 2018کے بعد سے جموں کشمیر کے دیگر اضلاع کے ساتھ ساتھ ضلع پونچھ کی تعمیر وترقی بالکل بند ہے۔ انھوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام سے ان کی تجارت اورسب کو کچھ چھین کر دوسری ریاست کے لوگوں کو دیا جا رہا ہے جو یہاں کی عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ مطالبہ کرتے ہیں کہ جموں کشمیر کو چھینی گئی شناخت واپس کی جائے اوریہاں انتخاب کر کے ایک اسمبلی قائم کی جائے تاکہ جموں کشمیر کی عوام کے دل جو زخمی ہیں ان پر مرحم لگ سکے۔