سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ اُن کی جماعت ایک بااعتماد سیاسی متبادل طاقت کے طور اُبھر کر سامنے آئی ہے ۔ اپنی پارٹی جموں وکشمیر میں آزادی سے جاری دھوکہ دہی کی سیاست کے دور کا خاتمہ کرنے کے قابل ہوئی ہے۔ بخاری ایک تقریب کے عاشیے کے دوران میڈیا سے بات کر رہے تھے جس میں سابقہ کانگریس نائب صدر رام بن الطاف حسین لون نے گول رام بن سے درجنوں کانگریس سیاسی کارکنان کے ہمراہ اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ بخاری نے کہاکہ جموں وکشمیر میں لوگ سیاسی جماعتوں کی جھوٹ پر مبنی سیاست سے اُکتا چکے ہیں جنہوں نے صرف عوام کی مشکلات میں اضافہ ہی کیا ہے۔ نئے ساتھی جو اپنی پارٹی میں شامل ہوئے، اِن میں محمد شبیر زرگر، محمد اقبال ، جلال الدین ، ریاض احمد، گلزار احمد، عبدالرشید بیگ، عبدالکریم ملک اور نسیم شامل ہیں ۔ الطاف بخاری نے اِ ن کا خیر مقدم کرتے ہوئے اِنہیں متعلقہ علاقوں میں عام آدمی کی فلاح وبہبودی کے لئے بے لوث کام کرنے اورلوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے میں ہرممکن کوشش کرنے کو کہا۔ اس موقع پر الطاف احمد لون نے کہاکہ عوام دوست کاؤشوں اور زمینی سطح پر کئے گئے کاموں سے متاثر ہوکر اپنی پارٹی میں شامل ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ’’لوگ ایک بار پھرجموں وکشمیر کی روایتی سیاسی جماعتوں پر اعتماد کے لئے تیار نہیں جن کو ہمیشہ جذباتی بلیک میل کر کے اُن کے مستقبل کو برباد کیا، جب سابقہ جموں وکشمیر ریاست میں غیر یقینی سیاسی صورتحال تھی، تب اپنی پارٹی لوگوں کے لئے ایک اُمید کی کرن بن کر سامنے آئی‘‘۔ اپنی پارٹی صدر کے علاوہ سنیئر نائب صدر غلام حسن میر، نائب صدر اعجاز خان، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین اور میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی بھی موجود تھے۔