سرینگر //’اپنی پارٹی‘ نے مشن جموں کے تحت کئی وفود کے ساتھ ملاقات کی جس دوران پارٹی کے منشور کے بارے میں لوگوں کو آگاہی فراہم کی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اپنی پارٹی کے سربراہ نے کئی اہم سیاسی پارٹیوں کے رہنماوں سے بھی ملاقات کی۔ یو پی آئی کے مطابق نئی دہلی میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات کے بعد اپنی پارٹی کے لیڈران الطاف بخاری کی سربراہی میں جموں پہنچے اور وہاں کئی عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کی۔ اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے کئی سیاسی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں سے وابستہ لیڈران کے ساتھ ملاقات کی جس دوران اُنہیں پارٹی کے منشور کے بارے میں آگاہی فراہم کی ۔ الطاف بخاری نے لیڈران کو بتایا کہ اس پارٹی کی تشکیل کا واحد مقصد جموں اور کشمیر کے لوگوں کے درمیان پیدا ہوئی خلیج کو پاٹنا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اپنی پارٹی جموںوکشمیر کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے بنی ہے لہذا سبھی کو اس پارٹی کے ساتھ وابستہ ہونا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ ماضی میں سیاسی تنظیموں کے رہنمائوںنے جھوٹے وعدئے کئے ،تاہم میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اپنی پارٹی ایسا نہیں کرئے گی بلکہ لوگوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ اپنی پارٹی میں آئے روز لوگ شامل ہو رہے ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ لوگ اس پارٹی کو اب پسند کرنے لگے ہیں۔ جموں میں سوموار کے روز دن بھر الطاف بخاری کے ساتھ کئی اہم سیاسی رہنمائوں ، لیڈران اور ذی عزت شہریوں نے ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ آنے والے دنوں کے دوران جموں ، راجوری ، پونچھ اور ڈوڈہ سے سیاسی پارٹیوں کے سینئر لیڈران شامل ہو نے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہیں۔ اس دوران الطاف بخاری نے کروناوائرس کی وباء کے پیش نظرجموں کشمیرمیں4جی انٹرنیٹ سروس کی فوری بحالی کامطالبہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے طلبا کیلئے انٹرنیٹ کی رسائی ناگزیر ہے لہذا طلاب کی تعلیمی ضروریات کوپوراکرنے کیلئے حکومت کو 4 جی انٹرنیٹ سروس کوبحال کرناچاہیے۔