بقول پروفیسر قاضی عبیدالرحمن ہاشمی :’’برصغیر میں جنم لینے والی اس نئی شعری راویت سے جولوگ وابستہ ہوئے ان میں ایک نام فرید پربتیؔ کا بھی ہے۔فرید پربتی ؔکے نام اور کلام سے ان کا عہد اور ماحول کچھ اس درجہ شدت کے ساتھ جڑے ہیں کہ جہاں اس رابطہ سے فریدپرؔبتی کی پہچان قائم ہوتی ہے ،وہاں ان کی شاعری کا دائرہ تھوڑا سمٹ بھی جاتا ہے۔تاہم ان کی تازہ شعری تخلیقات سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اس حد میں رہتے ہوئے بھی اپنی راہ الگ نکالنے کی جستجو کرتے ہیں اور اس میں وہ کامیاب بھی ہوئے‘‘۔(شیرازہ ۔ڈاکٹر فرید پربتی نمبر ۔ص۔۱۲)
اردو شاعری کا یہ آفتاب سرینگرسے تعلق رکھتا ہے ۔آپ کا اصلی نام غلام نبی بٹ ہے۔ آپ ۴ اگست۱۹۶۱ء کوشہر خاص کے سنگین دروازہ حول سرینگر میں تولد ہوئے۔فرید پربتیؔ نے اردوشاعری کا باقاعدہ آغاز1980 میں کیا۔اب تک اردو میں ان کے آٹھ شعری مجموعے منظر عام پر آچکے ہیںجن میں’’ابر تر1987‘‘، ’’آب نیساں1992 ‘‘ ،’’اثبات1997‘‘، ’’فریدنامہ2003‘‘، ’’گفتگو چاند سے2005 ‘‘، ’’ہزار امکاں2006 ‘‘،’’خبر تحیر2008 ‘‘ اور ’’ہجوم آئینہ2010 ‘‘اردو دنیا میں متعارف ہوچکے ہیں۔فرید پربتی ؔکی شعری کائنات کا سفر کیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے حالات کی تعبیر اور اس کی تر جمانی کے لئے جن استعاروں اور تشبیہات کا استعمال کیا ہے ،ان میں کثیر العلمیت پورے طور نمایاں ہے۔انہوں نے اپنے وقت کے اعتبار سے جو شعری اساسہ چھوڑا ہے۔وہ جدید شاعری کا عمدہ نمونہ ہے۔انہوں نے اپنے شعری بیان کو تبصرے کی شکل نہیں دی بلکہ اپنی حسیات اور اس سے منسلک شعری تقاضوں سے معاشرتی رشتوں کو ظاہر کرنے کے ضمن میں اپنی مخصوص شعری بصیرت کو بھی ماضی کی قدروں کے طور پر اور کبھی حال کی ذہنی الجھنوں کے طور پر برتا ہے۔
فرید پربتی ؔکی رباعی گوئی کا سفر کرنے (فرید نامہ 2003 کے حوالے سے )کے بعد ان کے قادر الکلام ہونے کی دلیل ہے کہ انھوں نے جس میدان میں قدم رکھا، اسے اول تا آخر سر کیا۔وہ ہر جگہ اپنے پختہ شعور،غنائی لہجہ اور متاثر فکرکے سبب کامیاب نظر آتے ہیں۔ان کی رباعیاں نہ صرف لفظوں کی بازی گری ہے اور نہ محض صنعت واصطلاحات کی مرقع نگاری ۔ان کی رباعیاںذاتی تجربات ومشاہدات کا برجستہ وبر محل اظہار ہے۔انھوں نے اردو شاعری کی جن اصناف میں طبع آزمائی کی ان میں موضوعات کا تنوع ،لفظیات کی انفرادیت،وسائل اظہار کی ندرت اور مخصوص طرز فکر کے وسیلے سے منفرد ر وممتاز مقام حاصل ہے۔ ؎
سمجھو کہ لگائو گے فقط رٹ میری
پائو گے چہار سمت آہٹ میری
جب تجھ پہ کمالات کھلیں گے میرے
سجدوں سے سجا دو گے چوکھٹ میری
فرید پربتیؔکی رباعیوں میں نکتہ آفرینی بھی پائی جاتی ہے ۔چنانچہ وہ عام روش سے ہٹ کرچلنا پسند کرتے تھے ۔شاعری میں بھی الگ روش پر چلنا پسند کرتے تھے ۔انہوں نے لفظی سے زیادہ معنوی نکتہ آفرینی پر زور دیا ۔ان کی نکتہ آفرینی سلاست، گہرائی اور معنویت سے لبریز ہے۔اس میدان میںفرید پربتی ؔنے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔چونکہ فریدؔ انسانی زندگی کا گہرا شعور رکھتے ہیں۔اس کے بنیادی معاملات و مسائل پر غوروفکر کرتے ہیں۔اس کی ان گنت گتھیوں کو سلجھادیتے ہیں۔ انسان کو اس کی عظمت کا احساس دلاتے ہیں ۔اُس کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونا سکھاتے ہیں۔ اور نظام کائنات میں اس کونئے آسمانوں پر اڑاتے ہیں۔فریدؔکی رباعیاں اس اعتبار سے بہت بلند ہیں اور اس میں شبہ نہیں کہ ان کی شاعری کے انہی عناصر نے ان کو عظمت سے ہمکنار کیا ہے۔لیکن جس طرح ان کی شاعری میں ان سب کا اظہار و ابلاغ ہوا ہے ۔وہ بھی اس کو عظیم بنانے میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے اردو رباعی میں ایک نئی روچ پھونک دی۔اسے نئے نئے موضوعات بخشے اور اس میں ایک انقلابی لہر دوڑادی۔ان کی رباعیوں میں منفرد خیالات جابجا ملتے ہیں ؎
مند ر کی کنشت کی کہ ہو گھر کی آگ
خوراک ہی ہوتی ہے سمند ر کی آگ
میں برف کے ماحول میں رہتا ہوں مگر
کم پڑتی نہیں ہے میرے اندر کی آگ
فرید پربتیؔنے سیاسی اور تہذیبی ،معاشرتی موضوعات کو بھی اپنی رباعی کا حصہ بنایااور انفرادی رنگ کے پردے میں اجتماعی تجربات کی ترجمانی کی ہے۔ انہوںنے اپنے تجربات میں نئی ذہنی رو کو عام کیا ہے جو بدلتے حالات اور اس کی تشریح وتعبیر سے وجود میں آتی ہے نیز انہوںنے اپنے شاعرانہ خیالات میں جو سیاسی،سماجی،مذہبی،تاریخی اور فلسفیانہ عناصر شامل کیے ہیں وہ دراصل جدید ماحول کے خاص اور عام دونوںکے طبقوں کے محسوسات ہیں۔انہوں نے موجودہ زندگی اور معاشرے کے مختلف اور متضاد پہلوئوں میں مماثلت تلاش کرتے ہوئے مختلف جذبات میں وحدت قائم کرنے کی جو کوشش کی ہے وہ صحت اور سادگی کے ساتھ اپنی مختلف صورتوں میں نمایاں ہوتے ہیں ۔ زندگی کی پستی کے بنیادی عناصر میں خلوص اور دیانت کی جس کمی کا ذکر ہوتا ہے،تخلیق کار اس کی شدت کو حددرجہ محسوس کرتا ہے۔اس تعلق سے سلسلہ خیالات کا ہجوم بعض اوقات اسے تنہائی سے بھی دوچار کرتا ہے۔اور اس کی تنہائی کا عکس سلسلہ خیالات میں مزید ایک خیال کا اضافہ کرکے اردو رباعی کو مزید وسعت دیتی ہے۔فرید پربتیؔنے اپنے باطن کی پیچید گیوں ، جوکہ بیش تر سماجی گرو بندی اور مذہب وروایت سے ان کے کمزور ہوتے رشتوں کی عطا کردہ ہیں،کواپنی رباعیوںمیں اس طرح بیان کیا ہے کہ گردو پیش کی دنیا کا آئینہ بھی محسوس ہوتی ہیں۔ ؎
ڈوبا بھی نہ تنکے کا سہارا مانگا
اک بار نہ ہی میں نے دوبارا مانگا
اے قرب کے بے انت سمندر میں نے
اب تک نہ کبھی تجھ سے کنارا مانگا
فرید پربتیؔکی رباعیات کا سرا جہاں ایک طرف شاعری کے لب لہجہ سے ملتا ہے وہیں دوسری طرف ان کی شاعری عصر جدید انسانی پیچیدگیوں کے بھول بھلیوں میں زیست کرنے والے احساس اور ذی شعور فرد کی انا کا اظہار بھی ہے۔چنانچہ اپنے اختصار کے اعتبار سے رباعی میں اظہار اور ادا کی سرحدیں ہوتی ہیںلیکن فریدؔ ایک کہنہ مشق شاعر کے طور پر معجزہ بیانی کے رموز سے آشنا ہیں، وہ زندگی کے ہر طرح کے دقیق مسائل سے فنی طور پر نبرد آزماہونے اور ترسیل واظہار کے مسائل کی حدود کو توڑنے ،بلکہ ان کو وسعت عطا کرنے کے اسرار ورموز سے واقف ہیں۔ان کا نظریہ ادب کے تئیں دراصل کسی خاص نظریہ زیست یا نظریہ فن سے ملتا نہیں ہے۔بلکہ ان کا بنیادی سروکار شعریت اور شعری اظہار سے ہے ۔اظہار کے دوران فرید پربتی ؔکا لہجہ کہیں بھی بے لحن یا خالی از شعریت نہیں ہوتا ہے کیونکہ شاعری کے ضمن میں وہ تجربے کے قائل نہیں ہیں بلکہ کلاسیکی غزلیہ شاعری کی موسیقیت اور الفاظ و تراکیب کی تراش وخراش سے فرید ؔ حسب ضرورت مستفید ہوتے ہیں لیکن اپنے مخصوص و منفرد جدیدلہجے اور نئے شعری پیکروں کی تشکیل کے عمل پر گرفت بھی قائم رکھتے ہیں۔ ؎
پید ا ہیں یہاں سبھی، نہاں میں ہی ہوں
کس سے کہوں بے نام ونشاں میں ہی ہوں
مدت سے جو جلتی ہے نہ بجھتی ہے فریدؔ
اس آتش ہستی کا دھواں میں ہی ہوں
بہرحال 2003 میں منظر عام پر آنے ولا ان کی رباعیات کا مجموعہ ’’فرید نامہ‘‘ اس حقیقت پر دلالت کرتا ہے کہ فرید پربتی ؔجموں و کشمیر کے اردو ادب میں ایک خاص مقام پر فائز ہیں۔اس مجموعے کی آمد سے دبستان جموں وکشمیر کے شعر وادب میں ایک بڑی تبدیلی رونما ہوئی۔جس میں سماجی ،سیاسی،مذہبی ،تاریخی ،اقتصادی،منفی اور مثبت رخ،،انسانی اور غیر انسانی رشتے کو نہایت ہی خوبصورتی کے ساتھ اجاگر کرنے کی حتی الامکان کوشش کی گئی ہے۔اس مجموعے میں کشمیری تاریخ و تہذیب اور ثقافت و معاشرت کو فنی خوبصورتی کے ساتھ منصہ شہود پر لایا گیا ہے۔ شاعر کشمیر کا شدید تاثر بھر پور انداز میں پیش کرنے میں کامیاب نظر آتا ہے۔فرید پزبتی ؔکے ہاں کشمیریت اور کشمیری ماحول اور موسمیاتی عمل اپنی سفاکیت کے ساتھ پوری طرح جلو ہ گرہے۔ان رباعیوں میں جمالیت کیفیت بھی ہے اور قدرتی حسن بھی ہے۔یہ رباعیاں کشمیر ی تہذیب و تمدن کی بھر پور عکاسی کرتی ہیں۔ اپنی شاعری میں کشمیر کے حسن اور اس کی رعنائی کو زینت بخشنے والا یہ اردو دوست 14 دسمبر2011کو اس جہاں فانی سے پرواز کر گیا۔فرید پربتیؔ کو ہم سے جدہوئے اب نوبرس ہوچکے ہیں لیکن ان کے کارنامے روشن مینار کی طرح ہماری رہنمائی کررہے ہیںاور کرتے رہیں گے:
واقف میں ہر اک خواب کی تعبیر سے ہوں
میں حسن ہوں اور حسن کی جاگیر سے ہوں
کہتے ہیں مجھے یوسف ثانی اے دوست
کنعاں سے نہیں وادیٔ کشمیر سے ہوں
رابطہ ۔ رعناواری سرینگر،9103654553
طرحی غزل
مصرع طرح۔ رگ و پے میں سرایت کر گیا وہ۔فرید بربتی
مفاعیلن مفاعیلن فعولن/ ہزج مسدس محذوف
غم ِ الفت عنایت کر گیا وہ
مداوائے محبت کر گیا وہ
مری ہر بات پر تلخی سجاکر
رفاقت کو سیاست کر گیا وہ
وہ اک گھر سے یوں سونا سونا نکلا
کہ ہر گھر میں قیامت کر گیا وہ
تو جس کے آگے ہے میرے مخالف
تری مجھ سے شناخت کر گیا وہ
غزل کو وادی میں پرواں چڑھا کر
رباعی کی حفاظت کر گیا وہ
مرے پھولوں کو شاخوں سے جدا کر
مرے ماتم میں شرکت کر گیا وہ
بچھڑ کے تجھ سے ساعد حمزہ مظہرؔ
ترے ظن کو حقیقت کر گیا وہ
ساعد حمزہ مظہرؔ
سر سید آباد بمنہ سرینگر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
استاد محترم ڈاکٹر فرید پربتی کی یاد میں
ف
فہیم ایسا کہ عنوان تھا فراست کا
ذہین ایسا کہ سلطان تھا ذہانت کا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ر
رویتوں کا امیں تھا نئے افق کا مکیں
اسے نہ راس کبھی آئی دوسروں کی زمیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ی
یقین اس کو تھا اللہ کی عطائی پر
عبور جس نے دیا تھا اسے رباعی پر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
د
دماغ اس کا تھا زرخیز ' دل کشادہ تھا
بلندیوں پہ جسے رہنے کا ارادہ تھا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پ
پکارتا تھا کبھی میر کو محبت میں
کبھی وہ داغ کو آواز دیتا الفت میں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ر
رفیق ایسا کہ سایا رفاقتوں کا تھا
شفیق ایسا کہ ساتھی محبتوں کا تھا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ب
بدن سڈول تھا جس کا ' چمک نگاہوں میں
سفید و سرخ تھی رنگت ' کمال ہاتھوں میں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ت
تناؤ میں بھی کہے شعر اور خوشی میں بھی
خوشی کے دیپ جلاتا رہا غمی میں بھی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ی
یقین آتا نہیں انتقال اس نے کیا
کمال اس نے کیا ہاں کمال اس نے کیا
اشرف عادل، کشمیر یونیورسٹی حضرت بل، سرینگر
رابطہ۔ 7780806455