عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے اپر شاہدرہ علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جب آوارہ کتوں اور جنگلی سوروں نے سکول سے گھر واپس جانے والی آٹھ سالہ معصوم بچی ثمرین کوثر پر حملہ کر دیا۔ یہ سانحہ اُس وقت پیش آیا جب تیسری جماعت کی طالبہ ثمرین کوثر، جو یاسین انگلش سکول اپر شاہدرہ شریف میں زیرِ تعلیم تھی، معمول کے مطابق اپنے گھر واپس جا رہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق، بچی پر آوارہ کتوں اور جنگلی سوروں نے اچانک حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر بچی کو تھنہ منڈی ہسپتال منتقل کیا، لیکن بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہو سکی اور ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دے دیا۔اس دلخراش واقعے کے فوراً بعدایس ڈی ایم تھنہ منڈی سید عابد حسین شاہ اور تحصیلدار تھنہ منڈی سید مظاہر علی شاہ موقع پر پہنچ گئے اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ دونوں آفیسران نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ علاقے میں آوارہ کتوں اور جنگلی سوروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو کنٹرول کیا جائے تاکہ مزید انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔ انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر حفاظتی اقدامات کئے جائیں اور آوارہ جانوروں کے خطرے سے نمٹنے کے لئے مناسب حکمت عملی وضع کی جائے۔اس سانحہ نے پورے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ والدین اپنے بچوں کی سلامتی کے حوالے سے سخت پریشان ہیں اور انہیں سکول بھیجنے میں ہچکچا رہے ہیں۔ علاقے کے مکینوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے قبل بھی آوارہ کتوں اور جنگلی سوروں کے حملوں کی کئی شکایات کی جا چکی ہیں، لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔اس موقع پر عوام کا مزید کہنا تھا کہ یہ المناک واقعہ ایک بار پھر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ عوامی تحفظ کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ اس قسم کے دل دہلا دینے والے حادثات کا اعادہ نہ ہو۔ انتظامیہ کی غفلت کی قیمت ایک معصوم بچی نے اپنی جان سے چکائی ہے، جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔