پرتھ//آسٹریلیائی گیند بازوں نے پانچویں اور آخری دن منگل کو ہندستانی اننگز کو 140 رنوں پر سمیٹتے ہوئے دوسرا کرکٹ ٹسٹ 146 رن سے جیت لیا اورچار میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابری کرلی۔سریز کا پہلا ٹسٹ جیت کر تاریخی شروعات کرنے والی عالمی نمبر ایک ٹیم کو اپنے بلے بازوں کے دوسری اننگز میں مایوس کن کارکردگی کا خمیازہ بھگتنا پڑا اور اسے 146 رن کی شرمنا ک شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ آسٹریلیا سے ملے 287 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندستانی ٹیم نے کل 112 رن پر پانچ وکٹ گنوادیئے تھے اور اس پر شکست کا خطرہ منڈلانے لگا تھا۔ ہندستان نے آخری دن اپنے باقی وکٹ محض 28رنوں پر گنوائے اور اس کی دوسری اننگز 56 رن میں 140 رن پر سمٹ گئی۔ ہندوستان نے اس سے پہلے اپنی اننگز کی شروعات کل کے پانچ وکٹ پر 112 رن سے شروع کی تھی۔ ہنوما وہاری 24 رن اور رشبھ پنت 9 رن پر ناٹ آوٹ تھے ۔ حالانکہ ہنوما اپنے اسکور میں خاص اضافہ نہیں کرسکے اور 75 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 28 رن بناکر دن کے پہلے اور ہندوستان کے چھٹے بلے باز کے طور پر آوٹ ہوئے ۔ ہنوما اور پنت نے چھٹے وکٹ کے لئے 21 رن کی رفاقت کی۔ پنت نے 61 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 30 رن کی اننگز کھیلی اور ناتھن لیون کی گیند پر پیٹر ہینڈسکامب نے ان کا کیچ لیا ۔ وہ ساتویں بلے باز کے طور پر آوٹ ہوئے ۔ ہندوستان نے 137رن پر اپنے سات وکٹ گنوائے ۔ نچلی صف میں ہندوستان کے باقی پانچ وکٹ 21 رن کے وقفے میں گرے ۔ امیش یادو نے پانچ گیندوں کا سامنا کیا اور مشیل اسٹارک نے انہیں اپنی گیند پر آوٹ کیا۔ وہ 23 گیندوں میں صرف دو رن بناسکے جبکہ ایشانت شرما بغیر رن بنائے پیٹ کمنس کی گیند پر ٹیم پین کے ہاتھوں آوٹ ہوئے ۔ جسپریت بمراہ آخری بلے باز کے طور پر کمنس کی گیند پر آوٹ ہوئے اور ہندوستان کی اننگز 140رن پر سمٹ گئی۔ ہندوستان کی اننگز میں پنت اور رہانے نے 30۔30 رن کی بڑی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کے لئے پرتھ کی اچھال بھری پچ پر تیزگیندبازوں کو فائدہ ملا جس میں اسٹارک نے 17 اوور میں46 رن دے کر تین وکٹ، ہیزلووڈ نے 11 اوور میں 24 رن پر دو وکٹ اور پیٹ کمنس نے 9 اوور میں 25 رن پر دو وکٹ لئے ۔ آف اسپنر لیون نے 19 اوور میں 39 رن پر تین وکٹ لئے ۔ آسٹریلیائی ٹیم نے 146 رنز کی جیت کے ساتھ چار میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابر ی کر لی ہے ۔ یہاں آپٹس اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم نے آل راونڈ کارکردگی کامظاہرہ کیا اور آخری دن صرف 40 منٹ کے کھیل میں اپنی جیت یقینی بنا ئی۔ ٹم پین کی بطور آسٹریلیائی کپتان پرتھ میں یہ پہلی جیت ہے۔ انہوں نے بال ٹیمپرنگ معاملے میں معطل ہوئے اسٹیون اسمتھ کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی۔ وہیں نئے کوچ جسٹن لینگر کی قیادت میں بھی یہ پہلی جیت ہے۔ آسٹریلیا کے گیند بازوں میں لیون ایک بار پھر سب سے زیادہ کامیاب رہے اور پہلی اننگز میں 67 رن پر پانچ وکٹ اور دوسری اننگز میں 39 رن پر تین وکٹ کی کارکردگی کی بدولت وہ مین آف دی میچ بنے۔ آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ میں مارچ میں ہوئے بال ٹیمپرنگ معاملے کے بعد سے یہ پہلی ٹیسٹ جیت بھی ہے ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا 26 دسمبر سے میلبورن میں تیسرے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں اتریں گے جہاں ان کی کوشش برتری بنانے کی ہوگی۔