عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ //سینٹرل انفارمیشن کمیشن نے ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے سی ڈی بلاک لسانہ کے بلاک ڈولپمنٹ افسر (بی ڈی او)لسانہ کی طرف سے حق اطلاعات قانون کے تحت درخواست دہندہ کو جواب نہ دیئے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ چیف انفارمیشن کمشنر ہیر لال سومڑیہ نے بی ڈی او لسانہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ حق اطلاعات قانون کی خلاف ورزی کرنے پر وضاحت پیش کرے، بصورت دیگر اْس کے خلاف تحت ضابطہ از خود کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ ہدایت چیف انفارمیشن کمشنر نے 27دسمبر2024کو ایک سائل کی طرف سے دائر سیکنڈ اپیل نمبرCIC/UTOJK/A/2023/127088پر فیصلہ صادر کرتے ہوئے جاریں کیں۔ اپیل کنندہ نے کمیشن کو بتایاکہ 27فروری2023کو انہوں نے آر ٹی آئی درخواست بی ڈی او لسانہ کو دی لیکن کوئی جواب نہ ملاجس پر5اپریل2023کو فسٹ اپیل دائر کی ، اْس پر بھی کوئی جواب نہ دیاگیا۔14جون2023کو اپیل کنندہ نے سینٹرل انفارمیشن کمیشن نئی دہلی میں دوسری اپیل دائر کی۔ دوران ِسماعت ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پیش ہوئے بی ڈی او لسانہ نے کمیشن کو بتایاکہ جواب تیار کیا ہے لیکن ابھی بھیجا نہیں، جس پر کمیشن نے سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ جو انفارمیشن آرٹی آئی درخواست دینے کے بعد30دنوں میں اپیل کنندہ کو مل جانی چاہئے تھی، اْس کو دوسری اپیل دائر کرنے کے بعد ابھی تک بھی دیا نہ گیا ہے۔ انفارمیشن کمشنر نے اپنے فیصلے میں کہا’’ جواب دہندہ – بی ڈی او لسانہ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اپیل کنندہ کے ذریعہ اْٹھائے گئے سوالات کے حوالے سے صحیح اور مناسب، نقطہ وار جواب اس حکم کی وصولی کے تین ہفتوں کے اندر فراہم کرے اور کمیشن کے سامنے ایک ہفتے کے اندر اندر تعمیل رپورٹ پیش کرے۔چونکہ یہ واضح ہے کہ جواب دہندہ نے ابھی تک اپیل کنندہ کو کوئی جواب نہیں بھیجا ہے، جس سے معلومات کی فراہمی میں دانستہ رکاوٹ پیدا ہوئی ہے اور آر ٹی آئی ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی کی گئی ہے، اس لئے جواب دہندہ – بی ڈی او لسانہ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ آر ٹی آئی ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی کے لئے اس حکم کی وصولی کے چار ہفتوں کے اندر وضاحت پیش کرے۔ بصورت دیگر، بی ڈی او لسانہ کے خلاف آر ٹی آئی ایکٹ کی دفعات کے تحت ازخود کارروائی شروع کی جائے گی۔ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ مذکورہ ہدایات کی عدم تعمیل قانونی طور پر سزا کے اقدامات کو جنم دے گی۔‘‘کمیشن نے مزید کہاکہ عوامی اتھارٹی کو کوشش کرنی چاہیے کہ ایسی فلاحی اسکیموں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات اپنی ویب سائٹ پر از خود افشاء کرے، تاکہ عوامی اتھارٹی کے کام میں شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دیا جا سکے۔ مذکورہ معلومات کے افشاء کے دوران، جواب دہندہ کو یہ بھی یقینی بنانے میں احتیاط برتنی چاہیے کہ وہ آر ٹی آئی ایکٹ کی دفعہ 8 اور 9 کی دفعات پر سختی سے عمل کرے اور کسی بھی ایسی معلومات کو حذف کرے جو کسی استثنائی شق کے تحت آتی ہو، جیسا کہ آر ٹی آئی ایکٹ کی دفعہ 10 میں علیحدگی کی شق کے تحت وضع کیا گیا ہے۔