عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پلوامہ کے آری ہل علاقے میںکل ایک المناک سڑک حادثے میں ایک کمسن بچہ جاں بحق جب کہ اس کا والد شدید زخمی ہو گیا۔عین شاہدین کے مطابق ایک تیز رفتار ٹاٹا موبائل نے سڑک پر چل رہے باپ بیٹے کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں کمسن بچہ موقعے پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ اس کے والد، جن کی شناخت الطاف احمد شیر گوجری کے طور پر ہوئی ہے، شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ضلع ہسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد بہتر طبی نگہداشت کے لیے سرینگر ریفر کر دیا گیا۔باپ بیٹا قریبی دکان سے سامان خریدنے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے۔ جیسے ہی وہ سڑک پر پہنچے، ایک تیز رفتار ٹاٹا موبائل نے انہیں زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں کمسن بچے کی موقعے پر ہی موت واقع ہو گئی جب کہ والد شدید زخمی ہوگئے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ مقام کے نزدیک تین تعلیمی ادارے موجود ہیں اور علاقے کے مکین متعدد بار متعلقہ حکام سے رفتار کم کرنے کے لیے سپیڈ بریکر نصب کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں، تاہم اب تک کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ادھر پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس نے گاڑی کو ضبط کر لیا ہے جب کہ ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔