فیاض بخاری
بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کے سوپور کی آرم پورہ بی میں حنفیہ کالونی کے رہائشی گزشتہ چار برسوں سے پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں یہ مسئلہ مزید سنگین صورت اختیار کر گیا ہے کیونکہ سحر و افطار کے اوقات میں پانی کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارہا متعلقہ محکمہ کو اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، تاہم ابھی تک کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ صورتحال اس قدر تشویشناک ہو چکی ہے کہ علاقے کی مسجد میں بھی پانی دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے نمازیوں کو وضو اور دیگر ضروریات کے لیے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔رہائشیوں نے سرکار اور متعلقہ محکمہ کے علیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے پیش نظر فوری بنیادوں پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ جلد حل نہ کیا گیا تو عوام احتجاج پر مجبور ہو سکتے ہیں۔