عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی میں سردی کی لہر شدت اختیار کر گئی ہے کیونکہ کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے درج ہورہا ہے۔ لیکن محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر سے شبانہ سردی کی شدت میں کمی آئے گی البتہ منفی درجہ حرارت برقرار رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مطلع صاف ہونے کے نتیجے میں ڈل جھیل کے کچھ حصے اور دیگر آبی ذخائر منجمد ہورہے ہیں۔سری نگر میں ہفتے کی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ سرینگر میں جمعرات کو اس موسم کی سب سے سرد رات ریکارڈ کی گئی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔جنوبی کشمیر کا شوپیان قصبہ پوری وادی میں سرد ترین مقام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.6 ڈگری سیلسیس پر رہا۔ پہلگام میں منفی 7.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ گلمرگ کا درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا، جبکہ سونمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.8 ، کوکرناگ میں منفی 3.4 اور کپوارہ میں منفی 5.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے میدانی علاقوں میں اس موسم میں اب تک کوئی برف باری نہیں ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 25 جنوری تک موسم خشک لیکن ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ نے کہا کہ پیر سے کئی مقامات پر کم از کم درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا اور سردی میں کمی آئے گی۔محکمہ کا کہنا ہے کہ 12جنوری سے 25جنوری تک میدانی علاقوں میں برفباری ہونے کے بہت کم امکانات دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ16-17جنوری کے درمیان الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش/برفباری ہوسکتی ہے۔20 جنوری کو بھی بکھرے مقامات پر ہلکی بارش/برفباری کا امکان ہے جبکہ21-23 جنوری کے درمیان بھی بکھرے مقامات پر ہلکی بارش/برفباری ہوسکتی ہے۔اسکے بعد24-25 جنوری کوجزوی طور پر ابر آلود موسم رہے گا۔
جموں
جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں درمیانی جبکہ الگ تھلگ مقامات پر گھنی دھند اگلے 5 دنوں کے دوران جاری رہنے کا امکان ہے۔جموں ہوائی اڈے پر شدید دھند اور کم مرئیت کی وجہ سے سات پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جس سے صبح کے اوقات میں ہوائی ٹریفک متاثر ہوا۔ جموں سے دہلی، اندور اور احمد آباد کے لیے پروازیں شامل ہیں۔ جموں سے سری نگر کے لیے طے شدہ دو پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ لیہہ جانے والی دو پروازوں میں تاخیر ہوئی۔