پونچھ//متعلقہ حکام کی عدم توجہی کے باعث آبپاشی کی نہریں خشک ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے کسانوں میں فصلوں کولیکر تشویش پائی جارہی ہے ۔پونچھ قصبہ کے ملحقہ گائوں کھنیتر اور بھینچ میں کاشتکاری کرنے والے زمینداروں کامقامی آبپاشی نہر کی خستہ حالی کے بعد اس کے سوکھ جانے پر نقصان ہورہاہے ۔یہ علاقہ ضلع پونچھ میں کھیتی باڑی کے حوالے سے ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے اور آبی زمینوں میں محنت کش مزدوردھان اور گیہوں وغیرہ کی کھیتی باڑی کرتے رہے ہیںجس سے انہیں کافی فائدہ ملتاتھا۔ تاہم اس بار محکمہ آبپاشی کی جانب سے بنائی گئی پانی کی نہروں میں پانی سوکھ گیاہے جس کے نتیجہ میں فصلوں کو زبردست نقصان پہنچ رہاہے ۔کھنیتر اور بھینچ کے لوگوں نے بتایاکہ وہ ہر سال اچھی فصل اگاتے رہے ہیں لیکن اس بار اس بات پر تشویش ہے کہ نہر میں پانی نہیں آرہا۔مقامی شہریوں محمد یعقوب،نذیر حسین اور وکاس شرما نے متعلقہ حکام پر زور دیاکہ آبپاشی کے نظام کو ٹھیک کیاجائے اور خشک پڑی نہر میں پانی کی سپلائی کو یقینی بنایاجائے تاکہ فصلوں کے حوالے سے ان کی تشویش کم ہوسکے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں ایک زرعی سنٹر قائم کی جائے جہاں کسانوں کو ہر قسم کی سہولت کے ساتھ ساتھ تربیت بھی دی جائے۔مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ اگر سبزی کاشت کرتے ہیں تو پانی نہ ہونے کی وجہ سے وہ بھی خراب ہوجاتی ہے اور انتظامیہ کی طرف سے انہیں کوئی تعاون نہیں دیاجارہا۔انہوں نے بتایاکہ یہ علاقہ کاشتکاری کے لحاظ سے کافی زرخیز ہے جہاں ہر قسم کی فصل کاشت کی جاسکتی ہیں مگر معیاری بیج اور پھر پانی کی فراہمی لازمی ہے جو نہ ہونے کی وجہ سے وہ کاشت نہیں کر پا رہے۔انہوں نے کہا کہ کھنیتر اور بھینچ میں زمینوں کی سینچائی کے لئے بنائی گئی نہر کی مرمت کرکے اس میں پانی کا بندوبست کیاجائے جو اس وقت خستہ حالی کاشکاربن گئی ہے ۔