آئی پی ایل پر کورونا وائرس کا سایہ | وانکھیڑے اسٹیڈیم کے 8 گراونڈ ورکرس کورونا پازیٹیو

ممبئی// انڈین پریمیئر لیگ پر کورونا وائرس کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ آئی پی ایل کا پہلا میچ ممبئی انڈینس اور رائل چینلجرس بنگلورو کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس سے پہلے ایک تشویشناک خبر آرہی ہے۔ وانکھیڑے اسٹیڈیم کے آٹھ گراونڈ مین کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کے چودہویں سیزن کے دس میچ کھیلے جانے ہیں۔ ممبئی سمیت مہاراشٹر میں مسلسل بڑھ رہے کورونا وائرس کے معاملات کے پیش نظر بی سی سی آئی کی تشویش بڑھ گئی ہے۔ اسپورٹس اسٹار کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ وانکھیڑے اسٹیڈیم کے 19 گراونڈمین کا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ اس میں سے تین لوگوں کی رپورٹ پہلے ہی آگئی تھی جبکہ پانچ دیگر گراونڈ مین کی رپورٹ یکم اپریل کو آئی ، جس میں انہیں کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔ بھلے ہی لیگ اس مرتبہ ہندوستان میں ہورہی ہے ، لیکن کورونا کی وجہ سے کئی تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ جیسے اس مرتبہ فائنل سمیت سبھی 60 مقابلے چھ شہروں میں ہی کھیلے جائیں گے۔ اس میں احمد آباد ، بنگلورو ، چنئی ، دہلی ، ممبئی اور کولکاتہ شامل ہیں۔ لیگ اسٹیج کے 56 میں سے 40 میچ چنئی ، ممبئی ، کولکاتہ اور بنگلورو میں کھیلے جائیں گے جبکہ باقی 16 میں سے آٹھ آٹھ میچ دہلی اور احمدآباد میں ہوں گے۔ فائنل اور پلے آف بھی احمد آباد کے نئے بنے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس مرتبہ سبھی ٹیمیں نیوٹرل وینیو پر میچ کھیلیں گی۔