یو این آئی
دبئی/پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، سعود شکیل اور کامران غلام پر کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف سہ فریقی سیریز کے میچ کے دوران آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ان تین پاکستانی کھلاڑیوں کو بدھ کو کراچی میں جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے خلاف سہ رخی سیریز کے دوران آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 1 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا ہے ۔ شاہین پر میچ فیس کا 25 فیصد جبکہ سعود اور کامران پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ شاہین کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ برائے پلیئرز اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جبکہ سعود اور کامران کوڈ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔