یواین آئی
دبئی/آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ مردوں کی سالانہ ٹیسٹ رینکنگ اپ ڈیٹ میں ٹاپ دو ٹیموں کی پوزیشن پر کوئی اثر نہیں پڑا؛ آسٹریلیا 131 پوائنٹس کے ساتھ نمبر 1 پر اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ 119 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ہندوستان ایک درجے ترقی کے ساتھ تیسرے (104 پوائنٹس) مقام پر پہنچ گیا ہے، جس نے انگلینڈ (102 پوائنٹس) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
انگلینڈ کی تنزلی کی بڑی وجہ 23 اپریل 2023 سے قبل کے نتائج (جیسے پاکستان میں 0-3 سے جیت) کا رینکنگ سے نکل جانا ہے۔پاکستان (89 پوائنٹس) کو بھی اس اپ ڈیٹ سے فائدہ ہوا ہے اور وہ سری لنکا (86 پوائنٹس) کو پیچھے چھوڑ کر آگے نکل گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور زمبابوے ٹاپ 10 میں شامل ہیں، جبکہ آئرلینڈ ضروری میچز کی تعداد پوری نہ ہونے کی وجہ سے رینکنگ سے باہر ہو گیا ہے۔خواتین کی ون ڈے رینکنگ میں بھی آسٹریلیا کا غلبہ برقرار ہے اور وہ 163 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ انگلینڈ (128) دوسرے اور ہندوستان (126) تیسرے نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا اپنی پوزیشنز برقرار رکھے ہوئے ہیں، جبکہ بنگلہ دیش نے پاکستان کو پیچھے چھوڑ کر ساتواں مقام حاصل کر لیا ہے۔آئندہ ہفتے 5 مئی کو ٹی20 اور 7 مئی کو مردوں کی ون ڈے ٹیم رینکنگ کے سالانہ اپ ڈیٹس جاری کیے جائیں گے۔