یو این آئی
ایڈنبرا/بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کے 2027 ون ڈے ورلڈ کپ اور 2028 ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے نئے فارمیٹس کی منظوری دے دی ہے، جن کے تحت ٹورنامنٹس کو مزید سخت، مسابقتی اور سنسنی خیز بنایا جائے گا۔آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں منظور کیے گئے ان نئے فارمیٹس کا مقصد زیادہ اہم مقابلوں کا انعقاد، ابھرتی ہوئی ٹیموں کو بہتر مواقع فراہم کرنا اور ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کو مزید دشوار بنانا ہے۔2027ون ڈے ورلڈ کپ، جس کی میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے، میں 14 ٹیمیں ہی شریک ہوں گی، تاہم اس کا فارمیٹ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کے آغاز میں رینکنگ میں سب سے نیچے موجود تین کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں سپر سیریز کھیلیں گی، جس کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں جگہ بنائے گی۔ اس کے بعد باقی 12 ٹیموں کو چھ، چھ کے دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں سے نمایاں ٹیمیں سپر 7 مرحلے میں پہنچیں گی۔سپر 7 مرحلے میں ساتوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی اور صرف سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گی، جس سے محض چند آسان فتوحات کی بنیاد پر ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کا امکان کم ہو جائے گا۔دوسری جانب 2028 مردوں کے ٹی20 ورلڈ کپ، جس کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے، میں 20 ٹیمیں ہی شریک ہوں گی، لیکن اس کا فارمیٹ بھی تبدیل کیا گیا ہے۔گروپ مرحلے میں اب چار، چار ٹیموں کے پانچ گروپ ہوں گے۔ ہر گروپ سے دو، دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے میں پہنچیں گی۔ اس مرحلے میں 10 ٹیموں کو پانچ، پانچ کے دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ دونوں گروپوں کی سرفہرست ٹیمیں براہِ راست سیمی فائنل میں پہنچیں گی، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیمیں ایلیمینیٹر مرحلے میں باقی دو سیمی فائنل نشستوں کے لیے مقابلہ کریں گی۔آئی سی سی کے مطابق نئے فارمیٹس کا مقصد ٹورنامنٹس کو مزید مسابقتی بنانا، مقابلوں کے معیار کو بہتر کرنا اور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شائقین کے تجربے کو بھی زیادہ دلچسپ بنانا ہے۔