جرائم کے مراکز پر کریک ڈاؤن کا حکم
سرینگر//انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وی کے بردی نے منگل کو ضلع شوپیاں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مجموعی سیکیورٹی صورتحال، جرائم کے رجحانات اور پولیس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران آئی جی پی نے ضلع کی جرائم مخالف کارروائیوں، قانون و نظم کی صورتحال، اسپیشل آپریشنز گروپ کی کارکردگی اور پولیس اہلکاروں کے جاری تربیتی پروگراموں کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ڈی پی او شوپیاں میں منعقدہ جائزہ میٹنگ میں ڈی آئی جی ساؤتھ کشمیر رینج جاوید اقبال متو، ایس ایس پی شوپیاں مشتاق احمد چودھری ، ایڈیشنل ایس پی، ڈی ایس پیز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی شوپیاں نے ضلع میں گزشتہ ہفتوں کے دوران ہونے والی کارروائیوں، چیلنجز اور سیکیورٹی اقدامات پر ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی۔آئی جی پی کشمیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں فوری اور مؤثر آپریشنل ردعمل امن و امان کی بحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر بروقت کارروائی کو یقینی بنائیں تاکہ دشمن عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔جرائم کے رجحانات کے حوالے سے آئی جی پی نے غیر قانونی اور مخالفانہ سرگرمیوں پر سخت نگرانی رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ افواہیں پھیلانے اور تشدد پر اکسانے کی کوششوں کو ہر سطح پر ناکام بنایا جائے۔انہوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع پولیس کو ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی اپنانے کی ہدایت دی۔ آئی جی پی نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور نوجوانوں کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے سخت اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے منشیات کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔