ہیرانگر سٹیڈیم کیلئے اضافی زمین، دہلی۔امرتسر۔کٹرا ایکسپریس کوجلد وجے پور تک کھول دیا جائیگا:ڈاکٹر جتیندر سنگھ
کٹھوعہ// مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ضلع ترقیاتی رابطہ و نگرانی کمیٹی (DISHA) اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی ترقی سے متعلق کئی اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ طویل عرصے سے زیر التوا اُجھ ملٹی پرپز پروجیکٹ کو بالآخر منظوری مل گئی ہے۔ یہ منصوبہ تقریباً ایک صدی قبل تصور کیا گیا تھا لیکن مختلف رکاوٹوں کے باعث التوا کا شکار رہا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف آبپاشی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ سرحدی علاقوں کی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اُجھ دریا کو سیکیورٹی کے لحاظ سے حساس قرار دیا گیا ہے، اسی لیے وزارت داخلہ نے اس منصوبے کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ شاہ پور کنڈی بیراج منصوبہ بھی تکمیل کے قریب ہے اور ایک ماہ میں فعال ہو جائے گا۔ یہ منصوبہ جموں و کشمیر اور پنجاب کے سرحدی اضلاع میں زرعی آبپاشی کو بہتر بنائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دہلی۔امرتسر۔کٹرا ایکسپریس وے تیزی سے مکمل ہو رہا ہے اور جلد وجے پور (سانبہ) تک کھول دیا جائے گا، جبکہ کٹرا تک کام جاری ہے۔ایک اہم اعلان میں انہوں نے بتایا کہ ہیرانگر میں ارون جیٹلی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے لیے اضافی زمین کی منظوری دے دی گئی ہے، جو کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرے گا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کٹھوعہ تک پائپڈ نیچرل گیس (PNG) کی فراہمی کے لیے پائپ لائن چھ ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔اجلاس میں انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ پانی، بجلی اور سڑکوں سے متعلق مسائل میں ایم ایل ایز کو باقاعدہ شامل کیا جائے تاکہ عوامی خدمات بہتر بنائی جا سکیں۔انہوں نے غیر قانونی کان کنی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی اور کہا کہ یہ عمل اہم انفراسٹرکچر کے لیے خطرہ ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پی ایم سوی ندھی اور پی ایم سوریا گھر اسکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔اجلاس میں ایم ایل ایز، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
جی ایم سی کٹھوعہ میں ایم ڈی پروگرام کا آغاز
کینسر علاج کی سہولت ٹاٹا ممبئی کے تعاون سے اپ گریڈ ہوگی:ڈاکٹر جتیندر
کینسر علاج کی سہولت ٹاٹا ممبئی کے تعاون سے اپ گریڈ ہوگی:ڈاکٹر جتیندر
کٹھوعہ //مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی و ارضیاتی علوم (آزادانہ چارج) اور وزیر مملکت برائے وزیراعظم دفتر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ میں اسی سال ایم ڈی (MD) پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ٹاٹا میموریل سینٹر، ممبئی کے اشتراک سے کینسر کے علاج کی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جی ایم سی کٹھوعہ میں قائم ڈے کیئر کینسر سینٹر کو جدید رڈیوتھراپی آلات سے اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو مقامی سطح پر جدید علاج فراہم کیا جا سکے اور انہیں بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ جی ایم سی کٹھوعہ میں جی ایم سی اور ٹاٹا میموریل سینٹر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے تحت ڈاکٹروں اور سرجنوں کو کینسر سرجری اور آنکولوجی میں خصوصی تربیت دی جائے گی، جس سے بروقت تشخیص اور بہتر علاج ممکن ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اور اہم ایم او یو جی ایم سی کٹھوعہ اور CSIR-انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹیگریٹو میڈیسن (IIIM) جموں کے درمیان بھی طے پایا ہے، جس سے مشترکہ تحقیق اور ایم ڈی تھیسس کے مواقع بڑھیں گے۔تقریب میں ایم ایل اے کٹھوعہ ڈاکٹر بھرت بھوشن، ایم ایل اے جسروٹا راجیو جسروٹیا، ڈپٹی کمشنر راجیش شرما، ایس ایس پی موہتا شرما، پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سُندر آتری، ڈاکٹر آشیش گولیا، ڈائریکٹر ہومی بھابھا کینسر ہسپتال موہالی اور ڈاکٹر ضبیر احمد سمیت دیگر افسران موجود تھے۔اسی موقع پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جی ایم سی کٹھوعہ میں لائبریری کا افتتاح کیا اور 150 KLD کامن ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ (CETP) کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔